اسلام دشمن طاقتوں نے مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کر دیا ہے، لیاقت بلوچ

وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ ترکی خوش آئند ہے،مسلمان اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی سزا بھگت رہے ہیں، انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے، وطن عزیز کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں گلزار قائد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دعوتی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 20:12

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام آباد،تہران  انقرہ اور ریاض مل کر امت کو در پیش مسائل کاحل نکالیں۔وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ ترکی خوش آئند ہے۔اسلام دشمن طاقتوں نے مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کر دیا ہے۔آج مسلمان اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔

ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر اللہ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ہم وطن عزیز کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزجماعت اسلامی کی طرف سے ملک بھر میں شروع کی جانے والی رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں گلزار قائد میں جماعت اسلامی پی پی 6 کے زیر اہتمام قائم کردہ دعوتی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر مولانا عبد الجلیل نقشبندی  امیر ضلع راولپنڈ ی شمس الرحمان سواتی نائب اُمراء میجر(ر) محمد منیر اعظم رضا احمد شاہ امیر جماعت اسلامی پی پی 6 ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹر ی امتیاز اسلم امیدوار حلقہ این اے52 خالد محمود مرزا اور دیگرعہدیداران  کارکنان اور علاقہ کے عوام بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج پورے ملک میں رابطہ عوام مہم شروع کی گئی ہے ۔ہم ہر شعبہ زندگی کے افراد کو جماعت میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔ کرپشن اس ملک کا سب سے بڑا ناسور ہے۔اہل اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو اس لعنت سے چھٹکارا دلا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا بہترین دوست اور برادر اسلامی ملک ہے۔ہر مشکل وقت میں سعودی حکمرانوں نے پاکستان کا ساتھ د یا ہے۔

حرمین شریفین کی حفاظت کے لئے ہر مسلمان اپنی جان دینے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا  یورپ اور اسرائیل مسلمانوں کو فرقوں میں بانٹ کر کمزور کرنا چا ہتے ہیں۔ ہمیں مسلم اُمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو اتحا د و اخوت کے ذریعے سے ناکام بنانا ہوگا۔یمن کی صورتحال کونارمل بنانے میں مسلم حکمرانو ں اور تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس سے قبل جامع مسجدحرمین شریفین میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارا دینی فریضہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ کے دین کے مطابق ڈھالیں۔قرآن ہمارا دستور العمل ہے۔اللہ کے آخری رسول حضرت محمد مصطفےﷺ کی زندگی پوری انسانیت کے لئے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔دین صرف مسجد تک محدود نہیں ہے۔ قرآن و سنت کو زندگی کے تمام شعبوں میں بالا دست ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں اسلامی اقدار اور ہمارے معاشرتی نظام کو در ہم برہم کرنا چاہتی ہیں۔ہمیں چاہیے کہ اپنے گھروں اور اولاد کو اسلام کے ساتھ جوڑیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو ایک بہتر معاشرہ دے کر جائیں۔بعد ازاں لیاقت بلوچ نے چوہڑ چوک مصریال روڈ  ٹنچ بھاٹہ اور چکلالہ سکیم نمبر3 میں قائم دعوتی کیمپو ں کا بھی دورہ کیااور کارکنان سے خطاب کیا۔