جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم کا باقاعدہ آغاز ،عوام سانپوں کو دودھ پلا کر اژدھا بناتے ہیں ‘ سینیٹر سراج الحق

مہنگائی کی وجہ سے عوام کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے ہیں ،لوگوں کیلئے بجلی گیس کے بل اور بچوں کی فیسیں دینا مشکل ہوگیا ہے میرے تو اپنے گلی کوچے یمن بن گئے ہیں ،اگر پاکستان ٹھیک ہوجائے تو عالم اسلام کو ٹھیک کرسکتا ہے‘ امیر جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس

جمعہ 3 اپریل 2015 20:12

لاہور /گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی نے رابطہ عوام مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گوندلاں والا چوک گوجرانوالہ میں ممبر سازی مہم کا افتتاح کیا۔ گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام کو اللہ تعالیٰ نے ووٹ کی صورت میں بہت بڑی قوت دی ہے ،ان کی یہ طاقت ایٹم بم سے کم نہیں ،انہیں یہ ایٹم بم ان کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف استعمال کرنا چاہئے جنہوں نے ان کو تمام خوشیوں سے محروم کررکھا ہے۔

عوام سانپوں کو دودھ پلا کر اژدھا بناتے ہیں اور جب وہ ڈس لیتا ہے تو پھر چیختے چلاتے ہیں مگر اس وقت تک سانپ کا زہر ان کے جسم میں سراعت کرچکا ہوتا ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور امیر جماعت اسلامی گوجرانوالہ حافظ بلال قدرت بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ جب عوام جانتے ہیں کہ ان پر حکمرانی کرنے والے جاگیردار اور سرمایہ دار ظالم ہیں تو ان کو ووٹ دیکر اپنی گردنوں پر کیوں سوار کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہی ظالم ٹولہ ہے جنہوں نے اپنی کرپشن اورلوٹ مار کو چھپانے کیلئے مختلف سیاسی پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ ان پارٹیوں کو اپنے مورچے اورڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

یہ ظالم سب ایک ہیں خواہ وہ پنجاب سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ہوں یا اسلام آباد کے ہوں،انہوں نے کہا کہ یہی ظالم ٹولہ ہے جس نے قوم کے مستقبل کو تاریک کررکھا ہے ۔ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرضے لیکر انہوں نے قوم کے بچے بچے کو مقروض کیا ہے اور آج پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ ایک لاکھ کا مقروض ہے ،یہ ظالم و جابر ٹولہ ہے جس کے ظلم کی وجہ سے ہمارے نونہال سائیکلوں کی دکانوں پر پنکچر لگانے ورکشاپوں میں کام کرنے اور ہوٹلوں میں جھوٹے برتن دھونے پر مجبور ہیں ،انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے ہاتھوں کے طوطے اڑ گئے ہیں ،لوگوں کیلئے بجلی گیس کے بل اور بچوں کی فیسیں دینا مشکل ہوگیا ہے ۔

سراج الحق نے کہا کہ میں فٹ پاتھ پر کھڑا ہوکر اور جھونپڑیوں میں جاکرملک کے غریبوں کو اکٹھا کرونگا، عام آدمی کو آواز دے دونگا ،میں کراچی پشاور اسلام آبا د لاہور اور ملک کے ہر حصہ میں جاکر عوام کو اپنے ساتھ ملاؤں گااورملک کو بچانے کیلئے ہر دروازے پر دستک دونگا ۔انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض حکمرانوں نے قوم کو مسلکوں اور قومیتوں کی بنیاد پر تقسیم کیا ،یہی لوگ ہیں جنہوں نے ہمیں غربت ،جہالت ،مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی اور جہالت کا تحفہ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ اپنی جاگیروں کوتقسیم ہونے سے بچانے کیلئے اپنی بیٹیوں کی قرآن سے شادیاں کردیتے ہیں ، ہم خواتین کو وہ تمام حقوق دلائیں گے جو اللہ اور رسول ﷺ نے انہیں عطا کئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے جاگیرداری سسٹم ختم کرکے اپنی فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کیا ہے ،ہم بھی اقتدار میں آکر تمام جاگیروں کو تقسیم کریں گے ،جب یہ جاگیریں تقسیم در تقسیم ہونگی فی ایکٹر پیداوار دوگنی ہوجائے گی ۔سراج الحق نے کہا کہ وہ سیاسی پارٹیاں کس منہ سے جمہوریت کی بات کرتی ہیں جن کے اپنے اندر جمہوریت نہیں اور مختلف خاندانوں نے ان سیاسی پارٹیوں کو اپنی جاگیریں بنا رکھا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اصل جمہوری جماعت صرف جماعت اسلامی ہے ۔ہمارے لوگ بھی پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں رہے مگر آج تک ہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ ہے نہ ہم نے پلاٹوں کی سیاست کی ۔انہوں نے کہا کہ عوام میرا ساتھ دیں تو میں انہیں کلین اور گرین پاکستان دونگا جو دنیا بھر میں ترقی و خوشحالی کی مثال بنے گا۔یمن کی صورتحال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہا کہ میرے تو اپنے گلی کوچے یمن بن گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان ٹھیک ہوجائے تو عالم اسلام کو ٹھیک کرسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں جنگ کا فائدہ ہمیشہ دشمن نے اٹھایا ہے،خاص طور پر امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام کے خلاف ایسی گھناؤنی سازشوں میں مصروف رہتے ہیں تاکہ وہ مسلمانوں کو تقسیم کرکے ان کے وسائل پر قبضہ کرسکیں اور اپنے اسلحہ کا کاروبار بڑھا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس آگ کو بجھانے کی کوشش کرنی چاہیے اور ترکی کے ساتھ مل کر دونوں اسلامی ممالک میں مصالحت کیلئے ثالث کا کردار ادا کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب پر حملہ کو پاکستان پر حملہ سمجھتے ہیں ،ہر مسلمان حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے اپنا سر دینا اور خون بہانا سعادت سمجھتا ہے ۔جوڈیشل کمیشن کے بارے ایک سوال پر سراج الحق نے کہا کہ حکومت جلد از جلد جوڈیشل کمیشن قائم کرے اور پی ٹی آئی اسمبلیوں میں آجائے ۔

کراچی کے ضمنی الیکشن رینجرز کی نگرانی میں کروانے کے بارے میں سراج الحق نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرواناحکومت کی ذمہ داری ہے ،اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن وہ تمام اقدامات کرنے کا پابند ہے جو شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہوں ۔ قبل ازیں سراج الحق نے جامع مسجد واپڈا ٹاؤن گوجرانوالہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کیا۔