یو ای ٹی اور ہنگری کے درمیان تعلیمی فروغ کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

ہنگری کے سفیر استوان زابو نے کمپیوٹر لیب کاافتتاح کردیا، وائس چانسلر کی بھی شرکت

جمعہ 3 اپریل 2015 19:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے پٹرولیم انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ہنگری کے سفیر استوان زابو نے کمپیوٹر لیب کاافتتاح کیا اوریو ای ٹی اور ہنگری کے درمیان تعلیمی فروغ کے لیے مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس موقع پریو ای ٹی میں ہنگری کے سفیر استوان زابوکو وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے یونیورسٹی بارے بریفنگ دی۔

ہنگری سفیر کے ہمراہ اعزازی قونصل جنرل ہنگری مہتاب محی الدین، سی ای او مول پاکستان آکو س گراس، احمد نواز، مرتضی عباس بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر یو ای ٹی نے ہنگری کے وفد کو یونیورسٹی میں جاری ریسرچ پروگرامز کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر فضل احمد خالد کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی سے فارغ التحصیل طلباوطالبات ملکی و غیر ملکی کمپنیوں میں فرائص سرانجام رہے ہیں اور یونیورسٹی میں معیار تعلیم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یو ای ٹی میں شمسی توانائی، بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ریسرچ پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر مول اور یو ای ٹی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت یو ای ٹی کے طلباکو انٹرن شپ اور فیکلٹی ایکسچینج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق یو ای ٹی کے اساتذہ مول میں خصوصی لیکچرز بھی دے سکیں گے جبکہ یو ای ٹی کے فارغ التحصیل طلباکو مول میں ملازمت کے لیے ترجیح دی جائے گی۔

ہنگری کے سفیر استوان زابو نے اس معاہدے کو اہم سنگ میل قرار دیا ہے جس کے باعث دونوں اداروں کے طلبااور سٹاف کو فوائد حاصل ہوں گے۔اس موقع پر ڈین ڈاکٹر فیاض حسین شاہ، ڈاکٹر ندیم فیروز، ڈاکٹر غلام عباس، رجسٹرار محمد آصف، چیئرمین پٹرولیم ڈاکٹر خرم منظور، ممبر سینڈیکیٹ امانت علی بھٹی ودیگر فیکلٹی ۔ممبران بھی موجود تھے۔