عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ،اس مقصد کیلئے صوبہ بھر کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں عدالتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ جوڈیشنل کمپلیکس بھی قائم کئے جا رہے ہیں ،جس معاشرے سے انصاف ختم ہوجائے وہ معاشرہ ترقی کے بجائے تنزلی کا شکار ہوتا ہے

چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کا جوڈیشنل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 اپریل 2015 19:10

ڈیرہ اسما عیل خان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے کہا ہے کہ عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ،اس مقصد کے لیئے صوبہ بھر کے تحصیل ہیڈکوارٹرز میں عدالتوں کے قیام کے ساتھ ساتھ جوڈیشنل کمپلیکس بھی قائم کئے جا رہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے تحصیل پہاڑ پور جوڈیشنل کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر کیا، تقریب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد رؤف خان ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پہاڑ پور عقیل عا جز، ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے صدر اختر حسین قریشی ایڈوکیٹ اور تحصیل بار پہاڑ پور کے صدر ارشد الہیٰ نے بھی خطاب کیا، چیف جسٹس ، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے کہا کہ انصاف سے ہی قوموں کی بقاء اور ترقی وابسطہ ہے، جس معاشرے سے انصاف ختم ہوجائے وہ معاشرہ ترقی کے بجائے تنزلی کا شکار ہوتا ہے، ناانصافی کے حامل معاشروں میں شکست و ریخت کا عمل شروع ہوجاتا ہے، اور ایسی قومیں اپنا وجود کھو بیٹھتی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں عدالتی نظام کو عوام کے لیئے زیادہ قابل اعتماد، آسان اور شفاف بنانے پر کام جاری ہے، تحصیل ہیڈ کورٹرز میں جوڈیشنل کمپلیکسز کے قیام کا مقصد یہی ہے کہ عوام کو دور دراز شہروں کے سفر کرنے اور عوام کے اخراجات بڑھانے کے بجائے ان کے گھروں کے قریب عدالتوں کو قائم کیا جائے تاکہ سستے اور فوری انصاف کے نعرے کو عملی شکل ملے، انہوں نے کہا کہ تحصیل جوڈیشل کمپلیکس پہاڑ پور کے قیا م کے لیئے پچاس کنال زمین حاصل کرلی گئی ہے اس کمپلیکس کے قیام سے یہاں روزگار میں بھی اضافہ ہوگا، علاقہ بھی ترقی کرے گا، انہوں نے کہا کہ تحصیل درابن میں بھی جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا کام شروع کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ جوڈیشنل کمپلیکس میں وکلاء ، سائلین کے بیٹھنے کے لیئے خصوصی شیڈ، ججز کے لیئے رہائش گاہیں، عدالتیں اور لائبریری اور دیگر جدید ترین سہولیات شامل ہے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد رؤف خان نے کہا کہ جوڈیشل کمپیلکس کی تعمیر کے بعد یہاں موجود ججز کو رہائش اور وکلاء و سائلین کے حائل دیگر تکالیف ختم ہوجائیں گی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر اختر حسین قریشی ایڈوکیٹ نے چیف جسٹس کو روایتی لنگی پہنائی، جبکہ چیف جسٹس نے پہاڑ پور جوڈیشل کمپلیکس میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :