پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6اپریل کو طلب ، قومی اسمبلی کے سپیکرصدارت کرینگے

وزیراعظم نواز شریف یمن کی صورتحال کے حوالے سے پالیسی بیان دینگے

جمعہ 3 اپریل 2015 18:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6اپریل پیر کو 11بجے طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کرینگے‘ اجلاس میں یمن میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث کرائی جائے گی اور وزیراعظم نواز شریف یمن کی صورتحال کے حوالے سے پالیسی بیان بھی دینگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا تھا اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت ممنون حسین نے جمعہ کو منظوری دی جس کے بعد اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کو گیارہ بجے طلب کرلیا ہے۔

اجلاس سے قبل ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوگا جس میں مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا طے کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ اجلاس ایک ہفتہ تک جاری رہے گا جس میں یمن کی صورتحال پر حکومت اور اپوزیشن ارکان کی رائے لی جائے گی جس کے بعد ایک قرارداد بھی منظور کی جائے گی جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی خطاب کرینگے۔ (ن غ)