ذوالفقار علی بھٹوعالم اسلام ،دنیا کے بڑے معتبر ،جہاندیدہ سیاستدان تھے ،وزیر اعلیٰ سندھ

شہید بھٹو کا پاکستان کی سیاست میں اہم کردار رہا ،شخصیت بارے جتنا لکھا جائے کہا جائے کم ہے،سید قائم علی شاہ کا 36ویں برسی پر پیغام

جمعہ 3 اپریل 2015 17:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی، فخر ایشیا، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 36ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹونہ صرف پاکستان کے بلکہ عالم اسلام اور دنیا کے ایک بڑے معتبر اور جہاندیدہ سیاستدان تھے اور وہ ایک بین الاقوامی سطح کے رہنما تھے جن کا پاکستان کی سیاست میں ایک اہم کردار رہا ہے اوران کی شخصیت کے بارے میں جتنا لکھا جائے اور کہا جائے وہ کم ہے۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو طاقتور بنانے کیلئے ایٹمی طاقت سے مزین کیا اور اسلامی کانفرنس لاہور میں منعقدکرکے مسلم دنیا کو مزید طاقتوربنانے میں ایک اہم کارنامہ سرانجام دیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ پاکستان اسٹیل مل، پورٹ قاسم کا قیام، صنعت، صحت، تعلیم، محنت و دیگر اداروں میں انقلابی اقدامات شہید بھٹو کی عظیم پالیسیوں کا حصہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے انقلابی اقدامات اور سوچ کی وجہ سے مخالفین نے انہیں اپنے راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی اور ایک فوجی آمرنے شب خون مارکر اس عظیم قائد کی حکومت کا تختہ الٹکر غاصبانہ طریقے سے حکومت پر قبضہ کرلیا اور بعد ازاں اس عظیم ہستی اور عالمی پائے کے سیاستدان و رہنما کو ایک جھوٹے مقدمے میں سزا دیکر شہید کردیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تیسری دنیا کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے نئی راہیں متعین کیں۔ انہوں نے غربت اور افلاس کے خاتمے کیلئے روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ عوام کو دیا اور سیاست کو ڈرائنگ روموں سے نکال کر میدانوں میں لائے۔ انہوں نے عوام کو ایک نئی پہچان اور سوچ دی جس کے باعث مزدور طبقہ میں اپنے حقوق کے حصول کا جذبہ بیدار ہوا۔

انہوں نے قوم کو پہلا عبوری دستور دیا اور بعد میں ایک متفقہ آئین دیا جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں نے دستخط کئے ان کا یہ کارنامہ ملکی سیاسی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو نے اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے ادھورے خواب اس مملکت خداداد کی ترقی و خوشحالی کی تکمیل اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے تاریخی جدوجہد کی اور اس کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔

جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شہید بھٹو کے تخیل، پروگرام اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنانے اور پاکستان کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے، روٹی، کپڑا اور مکان کی فراہمی بیروزگاری کے خاتمے اور پاکستان کو متحد، منظم، مستعد اور مضبوط بنانے کے لئے شب و روزکوشاں ہیں انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہید رہنما قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی فکر، نظریات، اور منشور پر عمل کر کے ملک کو عظیم ملک بنائے گی۔