اوباش نوجوان نے کمسن بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا ،ڈاکٹرز کی رپورٹ میں بچی سے زیادتی ثابت ہو گئی

پولیس نے ملزم پرویز عرف پیجا کو حراست میں لے لیا، مظلوم خاندان اور اہل محلہ کا درندہ صفت ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

جمعہ 3 اپریل 2015 17:32

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء )اوباش نوجوان نے ہمسائے کی کمسن بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بناڈالا ،پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا، ڈاکٹرز کی رپورٹ میں بچی سے زیادتی ثابت ہو گئی ، مظلوم خاندان اور اہل محلہ نے درندہ صفت ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کر دیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی آج ( ہفتہ ) کو ایک ماہ قبل زیادتی کا شکار ہونے والی بستی امین پورہ میں پہلی جماعت کی طالبہ پانچ سالہ فائزہ ہدائت کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے گھر آمد متوقع ہے جس کیلئے ہیلی پیڈ کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ مانگا روڈ کے علاقہ محلہ برہان پورہ کے رہائشی غریب محنت کش عبدالرزاق کمبوہ کی دوسری جماعت کی طالبہ سات سالہ بیٹی ثمرین چندروز قبل سکول سے واپس گھر آئی تو سامنے گھر میں رہنے والا 20سالہ آوارہ محلے دار پرویز عرف پیجا اسے بہانے سے اپنی بیٹھک میں لے گیا جہاں اس نے مبینہ طور پربچی کے منہ پر ہاتھ رکھ کر اسے اپنی درندگی کا نشانہ بنایا اور بچی کو چاقو دکھا کر ڈراتا رہا کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو وہ اسے اور اس کے گھر والوں کو جان سے مار دے گا ۔

(جاری ہے)

چنانچہ بچی نے خوف کے مارے دو دن تک گھر والوں کو کچھ نہ بتایا جبکہ ا س کی والدہ کے مطابق ا س دوران بچی کی حالت مشکوک ہوتی گئی تو اس نے پوچھنے پر اپنی ماں کو سب کچھ بتادیا جس پر غریب والدین اسے تھانہ لے گئے جہاں ایس ایچ او چودھری سرور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں میڈیکل چیک اپ کیلئے سرکاری ہسپتال بھجوایا جہاں لیڈی ڈاکٹر فریدہ سرورنے ابتدائی رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق کردی ۔

پولیس نے ملزم پرویز کے متعلق معلومات لیکر اسے فیکٹری میں کام کرتے ہوئے حراست میں لے لیا تھاجس کے بعد اس کو حوالات میں بند کردیا گیاہے ۔بچی کی والدہ اور والد نے بتایا کہ وہ غریب لوگ ہیں اور گھر میں کڑھائی وغیرہ کا کام کرکے گزارہ کرتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی معصوم بچی سے درندگی کرنے والے ملزم کو فوری طور پر پھانسی دیدی جائے ۔

ملزم کا آبائی شہر سیالکوٹ ہے جبکہ اس کا والد فوت ہوچکا ہے اور وہ کئی سالوں سے رائے ونڈ کے اسی محلے میں رہائش پذیر ہیں ۔ادھر بستی امین پورہ میں ایک ماہ قبل پہلی جماعت کی طالبہ فائزہ سے زیادتی کے الزام میں گرفتار مبینہ ملزم نسیم بھی پولیس کی حراست میں ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی آج ہفتہ کے روز مظلوم خاندان کے گھر آمد کی اطلاع ہے جس کیلئے ہیلی پیڈ سمیت دیگر تیاریاں جاری ہیں ۔

رائے ونڈ میں ایک ماہ کے دوران معصوم طالبات سے زیادتی کے دو واقعات پیش آچکے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بستی امین پورہ والے واقعہ میں ملزم کو فوری سزا مل چکی ہوتی تو دوسرا واقعہ پیش نہ آتا ۔عوام نے مکمل تحقیقات کے بعد ملزموں کوفوری انصاف کے تحت کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔