جماعةالدعوة پاکستان کے زیر اہتمام سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے مظاہرے

جمعہ 3 اپریل 2015 17:03

لاہور /اسلام آباد /ملتان /پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جماعةالدعوة پاکستان کے زیر اہتمام لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاوراور حیدرآبادسمیت مختلف شہروں میں سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے زبردست مظاہرے کئے گئے جن میں تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سب سے بڑا مظاہرہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے چوبرجی چوک میں کیا گیاجس میں شریک ہزاروں افراد نے سعودی عرب کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کا اعلان کیا۔امیر جماعةالدعوة حافظ محمد سعید نے 6اپریل کو اسلام آباد میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالہ سے ایک بڑے پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ اس تحریک کوملک گیر سطح پر بھرپور انداز میں جاری رکھتے ہوئے جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

یمن میں بغاوت ایران اور سعودی عرب کا مسئلہ نہیں اور نہ ہی یہ شیعہ سنی لڑائی ہے۔ صلیبی و یہودی سازش کے تحت اس مسئلہ کو الجھانے کی خوفناک سازشیں کر رہے ہیں۔حرمین الشریفین کا تحفظ کرنا صرف نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کا ہی نہیں پوری قوم کا اعلان ہے۔پاسبان حرمین شریفین کے نام سے مشترکہ فورم تشکیل دے دیا گیا۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔

چوبرجی چوک میں ہونے والے مظاہرہ میں شریک افراد نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر سعودی عرب اور حرمین الشریفین کے حق میں تحریریں درج تھیں۔اس موقع پر حرمین شریفین سے رشتہ کیا‘ لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ جماعةالدعوة کی اپیل پر علماء کرام ا ور دینی جماعتوں کے قائدین نے خطبات جمعہ میں سعودی عرب کے خلاف سازشوں کو موضوع بنایا اور حکومت پاکستان کے سعودی عرب کے دفاع کیلئے کردار ادا کرنے کے فیصلہ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

مظاہرہ سے امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، تحریک حرمت رسول ﷺ کے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ، مولانا ابو الہاشم، عتیق الرحمن ایڈووکیٹ، مولانا محمد ادریس فاروقی ودیگر نے خطاب کیا۔جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمدسعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان میں اس مسئلہ کو بگاڑ کر شیعہ سنی لڑائی کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

حرمین شریفین کا دفاع سیاسی یا اختلافی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔ شیعہ سنی کا مسئلہ ہر جگہ پروان چڑھا کر فسادات کروانا امریکہ اورمغرب کی سازش ہے۔خاص طور پر نیٹو کے وہ ممالک جنہیں افغانستان سے شکست ہوئی وہ انتقام لینے کے لئے ان سازشوں میں پیش پیش ہیں۔پاکستان میں پراکسی وار،قتل عام،بم دھماکے کروائے جا رہے ہیں ۔افغانستان کو بیس بنا کر پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے۔

اسی طرح یمن کو بیس بنا کر سعودی عرب پر یلغار کی جا رہی ہے۔اسلام دشمنوں کی یہ سازشیں واضح ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یمن کے باغیوں نے حرمین پر قبضے کا اعلان کیا اوربہت بڑی قوت تیار کی ہے افسوس ان پر ہے جو باہر بیٹھ کر باغیوں کو اسلحہ،فوجی مدد اور وسائل دے رہے ہیں۔یہ سب کچھ سعودی عرب کا گھیرا تنگ کرنے کی سازشوں کا حصہ ہے۔ہم سب مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کریں گے اورحرمین شریفین کے تحفظ کے لئے ذہن سازی کریں گے ۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ تحفظ حرمین کے لئے ”پاسبان حرمین شریفین“ کے نام سے مشترکہ فورم تشکیل دے دیا گیا ہے۔ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر اس تحریک کو جاری رکھا جائے گا۔ پاکستان کے بعض سیاستدان اس مسئلہ کو الجھا رہے ہیں۔حکومت اورفوج نے فیصلہ کیا کہ سعودی عرب کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا ۔حکومت کا یہ فیصلہ پاکستان کے بچے بچے کے دل کی آواز ہے۔

عوامی سطح پر حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے زبردست مہم منظم کی جائے گی۔اس مسئلہ کو سیاسی افراتفری اور انتشار کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 6اپریل کو اسلام آباد میں بہت بڑا احتجاج ہو گاجس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو شریک کیاجائے گا۔ پاکستان اس وقت عالم اسلام کا دفاعی مرکز اور ایٹمی قوت ہے اور دنیا کی بڑی بڑی طاقتوں کے سامنے کھڑا ہو گیا ہے۔

نواز شریف عالم اسلام کے لیڈر کے طور پر خود کو پیش کریں اور مسلم ملکوں کو ساتھ ملا کر سرزمین حرمین شریفین کے دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ یہودیوں نے اعلان کر رکھا ہے کہ مسلمانوں کے نبی نے انہیں جزیرة العرب سے نکالنے کا حکم دیا تھااس لئے وہ حرمین شریفین پر قبضہ کر کے رہیں گے۔اس وقت بھی سعودی عرب کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی سازشوں کے پیچھے یہودی ہیں ۔

مسلمانوں کو غور سے ان سازشوں کو سمجھتے ہوئے ناکام بنانا چاہیے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ اور جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ حوثی باغیوں نے اعلان کیا ہے کہ ہم حرمین شریفین پر قبضہ کریں گے ۔شاید وہ اپنے بڑوں کی تاریخ بھول چکے ہیں۔تاریخ گواہ ہے کہ یمن کے سربراہ ابرہہ نے بیت اللہ پر حملے کا اعلان کیا تو مکہ پہنچنے سے پہلے ہی اس کا لشکر تباہ و برباد ہو گیا تھا۔

اس وقت بھی بیت اللہ پر حملہ کرنے کی سازش یمن سے تیار ہوئی تھی آج بھی اسی طرح یمن سے ہی حرمین شریفین پر حملے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔حوثی باغیوں کا بیت اللہ پر قبضے کا اعلان ہی انہیں لے ڈوبے گا۔لاہور ہائیکورٹ بار کے رہنما عتیق الرحمان ایڈوکیٹ، مولانا ابوالہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی و دیگر نے کہا کہ آج پوری دنیا کو ہم یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہر مسلمان حرمین شریفین کے تحفظ کے لئے جانیں قربان کرنے کے لئے تیار ہے۔

جماعةالدعوة کے زیر اہتمام آئی ایٹ مرکز اسلام آباد میں بھی سعودی عرب کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،شفیق الرحمن و دیگر نے خطاب کیا اور کہا کہ ہم سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

سعودی عرب کے حوالہ سے مخالفانہ بیان بازی کرنے والوں کواس مسئلہ کی حساسیت کو سمجھنا چاہئے ۔صر ف ذاتی مفادات اور اندرونی جھگڑوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اختلافات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کو چاہئے کہ وہ متحد ہو کر حرمین کے دفاع کے لئے آواز بلند کریں۔ جماعة الدعوة تحفظ حرمین شریفین کے لئے پاکستان میں تحریک کھڑی کرے گی اور رائے عامہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حرمین کے ساتھ کل بھی ایمان اور اسلام کا رشتہ تھا‘آج بھی قائم ہے اوران شاء اللہ تاقیامت رہے گا۔حکومت پاکستان نے قوم کی امنگوں کے مطابق سعودی عرب کی مددوحمایت کا بہترین فیصلہ کیاہے ہم اس کی تائید کرتے ہیں۔جماعةالدعوة کی جانب سے مرکز خیبر صدر فوارہ چوک سے پشاور پریس کلب تک بڑا تحفظ حرمین شریفین کارواں نکالا گیا جس میں شریک افراد نے سعودی عرب سے بھرپور انداز میں یکجہتی کا اظہا رکیا ۔

کارواں سے جماعةالدعوة کے رہنماحاجی محمد اقبال ، غازی انعام اللہ و دیگر نے خطاب کیا اور کہاکہ عرب ممالک کے اتحاد کے سربراہ شاہ سلمان کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ حرمین الشریفین کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ جماعةالدعوة نے حیدرآباد میں مرکز سعد بن معاذ گاڑی کھاتہ سے پریس کلب تک بڑی تحفظ حرمین شریفین ریلی نکالی جس میں شہر بھر سے لوگوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر زبردستی جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ ریلی سے جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما انجینئر نوید قمر، امیر جماعةالدعوة حیدرآباد فیصل ندیم و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہاکہ پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے دفاع کیلئے بھرپور کردار اداکرنے کا اعلان بہت خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہاکہ آجکل جنگوں کا انداز بدل چکا ہے۔

صلیبی و یہودی مسلم ملکوں میں پراکسی وار لڑ رہے ہیں۔مسلم ملکوں میں افراتفری و انتشار پیدا اور بغاوت کی تحریکیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ اس وقت یمن اس کی زندہ مثال ہے۔ تحریک حرمت رسول ﷺ کے سیکرٹری جنرل مولانا امیر حمزہ نے کہروڑ پکا میں خطبہ جمعہ اورملتان میں تحفظ حرمین شریفین کے حوالہ سے ایک بڑے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس وقت تک صحیح مسلمان نہیں ہو سکتے جب تک حرمین الشریفین ہمیں اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز نہ ہو۔

میدانوں میں مار کھانے کے بعد جس طرح پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کو پروان چڑھایا گیا اسی طرح سعودی عرب بھی اللہ کے دشمنوں کو بہت کھٹکتا ہے۔سازش کے طور پراس کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔جماعةالدعوة کے مرکزی رہنماحافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال،حافظ عبدالغفار المدنی، مولانا سیف اللہ خالد، مفتی مبشر احمد ربانی،تحریک تحفظ قبلہ اول کے کنوینر مولانا محمد شمشاد سلفی، مولانا نصر جاوید، قاری یعقوب شیخ ،کرنل (ر) نذیر احمد، مفتی عبدالرحمن عابد، حافظ عبدالرؤف، الشیخ عبدالطیف، حافظ محمد مسعود، مولانا غلام قادر سبحانی،مولانا احمد سعید ملتانی، حافظ عبدالغفار بہاولپوری، مفتی محمد سعید، خالد سیف الاسلام، حافظ طلحہ سعید، طاہر طیب بھٹوی،مولانا بشیر احمد خاکی، مولانا سیف اللہ ربانی ،مولانا محمد یوسف ربانی، قاری گلزار احمد، حافظ محمد اکرم و دیگر نے مختلف شہروں و علاقوں میں خطبات جمعہ، جلسوں اور کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان اپنے ایمان کا حصہ سمجھتا ہے۔

حکومت پاکستان کا سعودی عرب کے چپے چپے کا دفاع کرنے کا بیان خوش آئند ہے۔ایٹمی قوت رکھنے والے پاکستان کی فوج اور تمامتر وسائل حرمین کے تحفظ کیلئے استعمال ہونے چاہئیں اور دشمنان اسلام کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :