وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی جبری رخصت کے حوالے سے خبردرست نہیں ،رجسٹرار جامعہ اردو

جمعہ 3 اپریل 2015 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء)وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین نے مقامی روزنامے میں بروزجمعہ3اپریل2015کو شائع ہونے والی خبر کو من گھڑت اور غلط قرار دیا ہے۔جس میں تحریر ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال جبری رخصت پر ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے 20دسمبر2015کو منعقدہ سینیٹ کے فیصلوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا ہوا ہے جس کی رو سے پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال وائس چانسلر کے طور پر اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کے وفاقی جامعہ اردو کے وائس چانسلر کا اضافی چارج لینے کی اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے نوٹیفکیشن کے اجرا کی مذکورہ خبر سراسرمن گھڑت اور غلط ہے۔

انہوں نے سختی سے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ہی جامعہ اردو کے وائس چانسلر ہیں اور اپنے فرائض منصبی باقاعدگی سے سرانجام دے رہے ہیں۔اس طرح کی شائع کردہ کسی بھی خبر میں کوئی سچائی نہیں اور خبر شائع کرنے سے پہلے اخبارات کی انتظامیہ کو اس خبر کی تصدیق کرنی چاہئے تاکہ اخبارات کی ساکھ متاثر نہ ہو۔