پی آئی اے کا خصوصی طیارہ جبوتی سے 176 پاکستانیوں کو لیکر اسلام آباد پہنچ گیا، وزیر دفاع نے استقبال کیا

جمعہ 3 اپریل 2015 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کا خصوصی طیارہ یمن میں محصور 176 پاکستانی شہریوں کو لیکر بینظیرانٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ گیاجہاں وزیردفاع خواجہ محمد آصف اور وزیراعظم کے مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اور چیئرمین پی آئی اے ناصر این ایس جعفر نے مسافروں کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یمن میں جاری جنگ کے باعث محصور پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے،یمن کے شہر عدن میں محصور 176 پاکستانیوں کو چینی بحری جہاز کے ذریعے عدن سے جبوتی لایا گیاجہاں سے جمعہ کے روز ان پاکستانیوں کو پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا یا گیاجہاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے مسافروں کا استقبال کیا اس موقع پر لواحقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وطن لوٹنے والے پاکستانیوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ائرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔