پاکستان ،سعودی عرب نے آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،ممنون حسین

جمعہ 3 اپریل 2015 16:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، مواصلات ودیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے پاک سعودی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کیساتھ خصوصی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی عوام ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب سے محبت کرتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ جو ہمارے لیے بہتر ہے وہ ہی سعودی عرب کے لیے بہتر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ 15لاکھ سے زائد پاکستانی سعودی عرب میں کام کررہے ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پاکستانی کمیونٹی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ سعودی طالبعلموں کو پاکستان میں میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم کے مواقع سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔