یمن میں محصور مزید176پاکستانیوں کے وطن پہنچنے پر شاندار استقبال ،محصورین کاقومی پرچم لہراکر خوشی کااظہار

جمعہ 3 اپریل 2015 16:04

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) یمن میں محصور مزید 176 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ، بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر دفاع خواجہ آصف ،مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم اور واپس آنیوالے مسافروں کے عزیز و اقارب نے پرتپاک استقبال کیا ، ایئرپورٹ لاؤنج پاکستان زندہ باد ، وزیراعظم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا ، مسافروں کے گلوں میں پھولوں کے ہار ڈالے گئے،محصورین نے جہاز سے اترتے وقت پاک چین دوستی کااعتراف کرتے ہوئے پاکستانی وچینی پرچم لہراکراپنی خوشی کااظہارکیا،محصورین کے لواحقین کی آنکھوں کی چمک اپنے پیاروں کودیکھ کرواپس لوٹ آئی ،گلے مل کرخوشی کے آنسوبہائے ،محصورین نے سجدہ شکر اداکیا۔

جمعہ کے روز دن ایک بج کرپینتیس منٹ پرپی آئی اے کی قومی پرواز پی کے ۔

(جاری ہے)

7004یمن کے مختلف علاقوں میں محصور پاکستانیوں کولے کرصحیح سلامت بے نظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ پرپہنچی ،جہاں پروزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے رفقاء کے ہمراہ محصور پاکستانیوں کااستقبال کیا۔جمعہ کو دن 1:30 منٹ پر پی آئی اے کی پرواز 7004جبوتی سے 176 پاکستانیوں کو لیکر اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتری تو واپس آنیوالوں کے استقبال کیلئے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی ، طیارے کو دیکھ کر انتظار کرتے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، جبوتی سے آنیوالے 176 پاکستانیوں کو عدن سے چینی بحری جہاز کے ذریعے جبوتی لایا گیا تھا ، ایئرپورٹ پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ،مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے یمن سے واپس آنیوالے پاکستانیوں کا استقبال کیا ، اس موقع پر واپس آنیوالے مسافروں کے گلوں میں پھولوں کے ہار ڈالے گئے ۔

طیارے سے اترتے وقت مسافروں نے ہاتھوں میں پاکستان اور چائنہ کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ وطن عزیز کی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں بعض مسافروں کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو نکل آئے اس موقع مسافروں اور استقبال کرنیوالے لوگوں کے ” پاکستان زندہ باد، وزیراعظم زندہ باد “ نعروں سے ایئرپورٹ لاؤنج گونج اٹھا ، واپس آنیوالے مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں حالات بہت نازک اور خطر ناک ہیں ، ہر وقت کہیں نہ کہیں سے دھماکوں اور فائرنگ کی آواز سنائی دیتی رہتی تھی ،وطن واپس پہنچنے پر بے حد خوش ہیں ، اپنی سرزمین پر کھڑے ہوکر بہت اچھا محسوس کررہے ہیں ۔ اپنے انخلاء کیلئے کی گئی کوششوں پر وزیراعظم نواز شریف اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :