”ڈور آف اویئرنیس“ کے جھگی سکولوں کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات

جمعہ 3 اپریل 2015 15:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء)سماجی تنظیم ”ڈور آف اویئرنیس“ کے زیر اہتمام چلنے والے جھگی سکولوں کی تقسیم انعامات کی تقریب گزشتہ روز پاکستان کالج آف لاء میں منعقد کی گئی جس میں سکول سپانسرز کے علاوہ شعبہ تعلیم سے تعلق رکھنے والے افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈور آف اوئیرنیس کی چیئر پرسن مسز ربا ہمایوں نے کہا کہ بچوں کیلئے تعلیم بہت ضروری ہے۔

بچوں کی تعلیم کا مطلب اگلی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو علم و عمل کو اپنی زندگی کا اولین مقصد بنا لیتی ہیں۔ ڈور آف اوئیر نیس جھگی نشین اور نظر انداز شدہ بچوں کو تعلیم دے کر علمی جہاد کر رہا ہے۔ علم کی اہمیت ہر مرد اور عورت پر فرض ہے ۔

(جاری ہے)

جو علم سے بہرہ ور نہیں ہے انہیں تعلیم فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ علم اور انسانیت سے اسلام ہمیں ان کی فلاح کا پیغام دیتا ہے ۔مسز ربا ہمایوں نے کہا کہ ادارہ ڈور آف اوئیر نیس جھگی نشین اور نظر انداز شدہ بچوں ، خواتین کی تعلیم و ہنر کے لئے پچھلے سات سالوں سے سر گرم عمل ہے۔ اس وقت ادارہ ڈور آف اوئیر نیس کے زیر اہتمام 11جھگیوں کے بچوں کے سکول جس میں ایک ہزار سے زائد بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پانچ سلائی سینٹر اور تین کمپیوٹر سینٹر کا م کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ وقتاً فوقتاًموبائل ریپئر نگ اور یو پی ایس ٹریننگ کے کورسس بھی منعقد کروائے جاتے ہیں ۔ معز ز مہمانوں نے ڈور آف اوئیرنس کے پاس ہونے وا لے بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کی خدمات پر ڈور آف اوئیرنیس کی خدمات کو سراہا۔آخر میں امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر نے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔