خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلا ف پنجاب اسمبلی میں عمر قید کی سزاء اوربھاری جرمانہ کاقانون پاس کرنے کا فیصلہ

جمعہ 3 اپریل 2015 14:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) خواتین کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلا ف پنجاب اسمبلی میں عمر قید کی سزاء اوربھاری جرمانہ کاقانون پاس کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اس سلسلہ میں جلدصوبائی اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء کے مطابق یہ بات صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا ہے کہ خواتین کے مسائل کے حل کے سلسلے میں وائلینس بلز بھی منظور کرائے جائیں گے موجودہ حکومت نے خواتین کو معاشی طورپر مستحکم بنانے اور ہر شعبہ زندگی میں انکی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اس سلسلے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے ابتدائی طور پر 60 ڈے کیئر سنٹر قائم کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف اضلاع میں 16 ورکنگ وومن ہاسٹلز تعمیر ہو چکے ہیں جس کے لئے وزیر اعلی پنجاب نے 30 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے خواتین کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے عملی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمت میں خواتین کے لئے پندرہ فیصد کوٹہ جبکہ وزیر اعظم یوتھ بزنس لون کے تحت پچاس فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح رواں سال خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے روزگار بینک کے قیام کے لئے اعلان کیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ٹال فری ہیلپ لائن پر گزشتہ چودہ ماہ کے دوران 14 ہزار سے زائد کالز وصول ہوئیں جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے خواتین کے مسائل حل کئے گئے اس موقع پر ایم این اے بیگم خالدہ منصور ‘ ارکان صوبائی اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ مدیحہ رانا ‘ کنیزاسحاق ‘ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر عبدالرؤف ‘ ڈاکٹرراشد مقبول‘ ڈاکٹر شیر علی ‘ ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر حبیب بٹر ‘ثاقب وڑائچ ‘انچارچ ڈے کیئر سنٹرز ڈاکٹر بشری نذیر ( ڈی ایچ کیو ) ‘مسز ممتاز ‘ حمیرا ( الائیڈ ہسپتال ) اور دیگر خواتین ڈاکٹرز کے علاوہ ورکنگ وومز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔