پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں‘ جنگ ہو یا امن ،سیلاب ہویا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے‘سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی سعودی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 3 اپریل 2015 14:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین میزن محمد بٹر جی کر رہے تھے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں نے زراعت، لائیوسٹاک اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ اور تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ دو طرفہ معاشی تعاون کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی اوربھائی چارے کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ جنگ ہو یا امن ،سیلاب ہویا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ پاکستان لائیوسٹاک پیدا کرنے والا دنیا کا ایک بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے شدید بحران نے تمام شعبوں کو بری طرح متاثرکیاہے۔

گیس سے 3600میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبے لگانے کا پروگرام بنایا گیاہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت ،معیاراور برق رفتاری سے تکمیل کی پالیسی کے تحت مکمل کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب سے توانائی ،زراعت او رلائیوسٹاک کے شعبوں سے وابستہ افراد کا وفد جلد سعودی عرب بھجوایا جائے گا۔

جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین میزن محمد بٹر جی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورجدہ کے مابین سرمایہ کاروں کے وفود کے باہمی تبادلے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔زراعت ،لائیوسٹاک ،توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وفد میں پاک سعودی مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران شامل تھے۔صوبائی وزیر صنعت چودھری محمد شفیق،مشیربرائے صحت خواجہ سلمان رفیق، صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور اعجاز احمد ممتاز، سیکرٹریز صحت،ہائر ایجوکیشن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔