پپری میں سماجی برائیاں بڑھ گئیں ، عوامی احتجاج کے باعث بند کئے گئے جوا کے اڈے پھرکھل گئے

جمعرات 2 اپریل 2015 23:15

کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) پپری میں سماجی برائیاں بڑھ گئیں ، عوامی احتجاج کے باعث بند کئے گئے جوا کے اڈے پھرکھل گئے ،قریبی فیکٹریوں میں دہاڑی پر مزدوری کرنے والے محنت کش اپنی کمائی لٹانے لگے ۔ قومی عوامی تحریک نے جوا کے اڈوں سمیت تمام سماجی برائیوں کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کردیا ۔ حیرت ہے کہ حکومتی پارٹی ، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شکایات کے باوجود جوا کے اڈے سر عام چل رہے ہیں: رہنما۔

میں نے پپری کا پورا علاقہ گھوم کر دیکھا ہے کہیں کوئی بھی جوا کا اڈہ نہیں چل رہا، سیاسی و سماجی رہنما جھوٹ بولتے ہیں : ایس ایچ او بن قاسم ۔۔۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملیر میں بن قاسم کے علاقہ پپری پچاس ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے جس میں اکثریت محنت کش لوگوں کی ہے جو قریبی سینکڑون فیکٹریوں میں دہاڑی کما کر جب شام گئے اپنے گھروں کو لوٹتے ہیں تو پپری میں سر عام چلنے والے جوا کے اڈوں پر اپنی کمائی کو دگنا کرنے کی لالچ میں پورے دن کی مزدوری لٹا بیٹھتے ہیں ، اس سلسلے میں علاقے کے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے کچھ عرصہ قبل آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرکے آئی جی پولیس سندہ سمیت تمام اعلی حکام کو ثبوتوں سے تحریری شکایات کی تھیں اور احتجاج کیا تھا جس کے بعد عارضی طور پر جوا کے اڈے بند کردیئے گئے تھے لیکن نئے ایس ایچ او آنے کے بعد جوا کے اڈوں سمیت منشیات ، فحاشی و دیگر سماجی برائیوں کے اڈے دوبارہ کھل گئے ہیں ، اس عمل کے خلاف قومی عوامی تحریک کا ہنگامی اجلاس عزیز لانگاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان عباس ملانو ، عبداللہ ترک اور نظیر میمن نے اجلاس میں رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پپری میں 12سے زائد جوا کے اڈوں سمیت مختلف سماجی برائیوں کے اڈے چل رہے ہیں جن کی سرپرستی پولیس اور علاقے کے با اثر افراد کر رہے ہیں اس عمل سے نوجوان اور بچے تیزی سے تباہی کی طرف گامزن ہیں ، اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی جی سمیت اعلی افسران کو تحریری شکایات کی گئی ہیں ، وفود ملاقات کر چکے ہیں ، سماجی برائیوں کے اڈوں کے ثبوت پیش کئے گئے ہیں لیکن افسوس ہے کہ حکومت وقت ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی بھی موٴثر قانونی کارروائی نہیں کرسکے ہیں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سماجی برائیوں کے خلاف اتوار سے با قاعدہ تحریک شروع کی جائیگی جسے موٴثر بناتے ہوئے کامیابی تک جاری رکھا جائیگا ، دوسری جانب اس سلسلے میں جب ایس ایچ او بن قاسم اظہر اقبال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پورا پپری گھوم کر دیکھا ہے ، کہیں کوئی بھی جوا کا اڈہ نہیں چل رہا ، علاقے کی سیاسی و سماجی تنظیمیں جھوٹ بول رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :