نواز شریف کی حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے،یمن کی لڑائی کو اپنی لڑائی نہیں سمجھتے، سعودی عرب کا تحفظ پوری دنیا میں ہر مسلمان پر فرض ہے‘سعودی عرب کی حفاظت کیلئے خود بھی جانا پڑا تو جاؤں گا‘آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جب تک تعمیرات مکمل نہ ہوں، آئی ڈی پیز کو واپس نہیں بھیجنا چاہئے

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 2 اپریل 2015 22:05

نواز شریف کی حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے،یمن کی لڑائی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ یمن کی لڑائی کو اپنی لڑائی نہیں سمجھتے سعودی عرب کا تحفظ پوری دنیا میں ہر مسلمان پر فرض ہے‘سعودی عرب کی حفاظت کیلئے خود بھی جانا پڑا تو جاؤں گا‘ نواز شریف کی حکومت گرانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے‘آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جب تک تعمیرات مکمل نہ ہوں، آئی ڈی پیز کو واپس نہیں بھیجنا چاہئے۔

وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ یمن کی لڑائی کو اپنی لڑائی نہیں سمجھتے لیکن سعودی عرب کا تحفظ پوری دنیا میں ہر مسلمان پر فرض ہے اور اس کیلئے خود بھی سعودی عرب جانا پڑا تو ضرور جاؤں گا تاہم فوج کو یمن نہ بھیجا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی میں فرد واحد کے فیصلے کا خمیازہ اب تک بھگت رہے ہیں، آج بھی فرد واحد فیصلہ کرنے جا رہا ہے، قومی پالیسی تشکیل دی جائے۔

یمن میں فوج نہ بھیجی جائے، اس کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں فوج بھیجنے سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلائی جائے تاکہ یہ قومی پالیسی بن سکے۔ایک سوال کے جواب میں اسفندیار ولی نے کہا کہ نیا خیبرپختونخواہ بننے جا رہا ہے جس میں عجیب سا نظام ہے ، اسمبلیوں کو گندگی کا ڈھیر کہنے والے عمران خان واپس جا رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات سے متعلق سوال کے جواب میں اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو سب کھڑے ہوں گے۔ اسفندر یار ولی کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں، جب تک تعمیرات مکمل نہ ہوں، آئی ڈی پیز کو واپس نہیں بھیجنا چاہئے۔