علاقائی انضمام اور آزاد تجارت موجودہ دور کی ضرورت ہے، تجارت کے فروغ کیلئے حکومت آسیان اور کارز کی نئی راہیں استوار کرنے میں کوشاں ہے،کاسا 1000اورتاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے جلدبہتر نتائج سامنے آئیں گے

وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کی اقوام متحدہ کے پروگرام کی ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر شمشاد اخترسے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 2 اپریل 2015 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرنے کہاہے کہ علاقائی انضمام اور آزاد تجارت آج کی ضرورت ہے، تجارت کے فروغ کیلئے حکومت آسیان اور کارز کی نئی راہیں استوار کرنے میں کوشاں ہے،کاسا 1000اورتاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے جلدبہتر نتائج سامنے آئیں گے جس سے علاقے میں مزید استحکام اور یکجہتی آئے گی ۔

وہ جمعرات کویہاں اقوام متحدہ کے پروگرام کی ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر شمشاد اخترسے ملاقات میں گفتگوکررہے تھے ۔ا نہوں نے کہاکہ گزشتہ سال اقتصادی کارکردگی میں بہتری، پاک امریکن بزنس فورم کے کامیاب اختتام ، ڈبلیو ٹی او میں تجارتی پالیسی کے کامیاب جائزے اور موڈیز انٹر نیشنل کی جانب سے پاکستان کومثبت ریٹنگ ملناپاکستانی معیشت کی اہم کامیابیاں ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ علاقائی انضمام اور آزاد تجارت آج کی ضرورت ہے ۔ اب وقت آگیا ہے کہ تجارت میں سہولیات کی جانب رواں دواں ہوں جیسا کہ افغانستان ہمیں برآمدات کی منازل فراہم کررہا ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کی بصیرت اور قیادت کے تحت افغانستان اور سینٹرل ایشن ری پبلکس میں تجارت کی توسیعی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت کوشاں ہے ۔

حکومتی کوششوں کے نتیجے میں کاسا 1000اورتاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے جلدبہتر نتائج سامنے آئیں گے جس سے علاقے میں مزید استحکام اور یکجہتی آئے گی ۔ وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وقت کے ساتھ ساتھ آسیان کی مارکیٹ میں داخل ہوا جائے اس طرح اقتصادی راہداری اور علاقائی روابط بڑھانے کے بے شمار مواقع ملیں گے۔ڈاکٹرشمشاد اختر نے وفاقی وزیر کی کوششوں کو سراہا اور پائیدار ترقی ، تجارت اور سرمایہ کاری نقل وحمل ، سماجی ترقی اور آفات کے خطرات میں کمی سے متعلق کوششوں کے لئے بھرپور مدد کی پیشکش کی ۔(را)