بلوچستان میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو کونسلر حضرات کے ساتھ مل کر اسے نچلی سطح پر کوآرڈینیشن کے ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے، میٹروپولیٹن کوئٹہ کے میئر ڈاکٹرکلیم اللہ

جمعرات 2 اپریل 2015 21:20

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) میٹروپولیٹن کوئٹہ کے میئر ڈاکٹرکلیم اللہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو کونسلر حضرات کے ساتھ مل کر اسے نچلی سطح پر کوآرڈینیشن کے ساتھ مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے علاقائی دفتر کے دورے کے موقع پر مستحقین اور بی آئی ایس پی کے اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ بی آئی ایس پی مستحقین اور غریب خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے موقع فراہم کررہی ہے جس سے مستحق خواتین اپنے خاندان کی خود کفالت کرسکے گی۔ ڈاکٹر کلیم اللہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد اس سلسلے میں کونسلروں کا ایک اجلاس بلاکر اس آگاہی مہم میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے عملے سے مکمل تعاون کریں گے کیونکہ یہ غریب لوگوں کی بہت بڑی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بی آئی ایس پی کے عملے کی کارکردگی کی تعریف کی بعد میں انہوں نے بی ڈی سی سینٹر میں خواتین میں بی ڈی سی کارڈ تقسیم کئے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی جواد احمد نے میئر میٹروپولیٹن ڈاکٹر کلیم اللہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کو اس وقت کوئٹہ شہر کے 4500 کارڈ تقسیم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے یہ کارڈ پہلے سے منظور شدہ خواتین کودیئے جاتے ہیں کارڈ میں اوسطاً 4500 سے 10,000 تک امدادی رقم موجود ہے۔

انہوں نے میئر ڈاکٹر کلیم اللہ سے اپیل کی کہ وہ ان مستحق خواتین تک پہنچنے میں بی آئی ایس پی کے عملے کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام خواتین کی فہرستیں پہلے ہی تمام کونسلروں کو فراہم کردی گئی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی میئرمحمدیونس لہڑی اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر عبدالرؤف خان بھی موجود تھے۔