کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں موسلادھار بارش سے موسم سرد ، نشیبی علاقوں میں طغیانی آگئی ، بند سیوریج لائنیں اور ناقص برساتی نالے عوام کیلئے وبال جان بن گئے

جمعرات 2 اپریل 2015 21:20

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں موسلادھار بارش سے موسم سرد اور نشیبی علاقوں میں طغیانی آگئی ، اہلیان کوئٹہ کے لئے بند سیوریج لائنیں اور ناقص برساتی نالے وبال جان بن گئیں ، شہر کے وسطی اور نواحی علاقوں میں روٹ پر کھڑا پانی اور کیچڑ عوام کی صبر کا امتحان لیتا رہا ، بہت سے علاقوں میں راہ گزرتے لوگوں اور خاص کر خواتین ، بچوں اور بوڑھوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، فٹ پاتھوں پر لگے بجلی کے کھمبے بھی عوام کی سر پر لٹکتی تلوار کی مانند رہے ۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں پشین ، زیارت ، قلعہ عبداللہ ، مستونگ ، قلات ، خضدار ، سبی سمیت دیگر میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی کا بھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوا ، کوئٹہ میں ناقص سیوریج لائن جا بجا پڑے کچرے کے ڈ ھیر اور روڈ کٹنگ کے باعث مٹی سے بننے والا کیچڑ لوگوں کے لئے وبال جان بنا رہا ، شہر کے وسطی علاقوں جناح روڈ ، پرنس روڈ ، میکانگی روڈ ، ڈبل روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی سڑکوں پر کھڑا اور بہتا پانی عوام کے صبر کا امتحان لیتا رہا ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ میں بھی بارش کے شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اس کے ساتھ ہی سینکڑوں ٹیلی فون بھی خاموش ہوگئے ۔ بارش کے باعث خنکی میں اضافہ ہوا تاہم زرعی ماہرین نے ہونے والے بارشوں کو گندم سمیت دیگر فصلوں ، باغات اور کھیتی باڑی کے لئے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے رواں سال کے دوران زرعی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔