Live Updates

ایم کیو ایم اور تحریک انصاف ضمنی انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے ایسے انتظامات کریں جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے نہ آئیں، پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی، شاہ جہاں خان اور ذوالفقار قائم خانی ودیگر کا مشورہ

جمعرات 2 اپریل 2015 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی، شاہ جہاں خان اور ذوالفقار قائم خانی نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ اور تحریک انصاف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ضمنی انتخابات کو پر امن بنانے کیلئے ایسے انتظامات کریں جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے کارکنان ایک دوسرے کے آمنے سامنے نہ آئیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق پر مکمل اور دیانتداری سے عمل درآمد کریں تاکہ تصادم کا خطرہ نہ پیدا ہو۔

انتخابی ریلی نکالنے کیلئے دوسرے سے تعاون کریں اور وقت طے کر لیں تاکہ ایک ہی وقت میں دونوں جماعتوں کی ریلیاں ایک دوسرے کے آمنے سامنے نہ ہوں۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ این اے 246 پر ایم کیو ایم گزشتہ تیس برسوں سے انتخابات جیتی چلی آرہی ہے جبکہ اسی حلقے میں ایم کیو ایم کا ہیڈ کوارٹر اور شہدا کی یادگار بھی ہے جو ایم کیو ایم کیلئے اہمیت رکھتی ہے لہذا تحریک انصاف کی قیادت اس بات کو یقینی بنائے کہ شہدا یادگار کا تقدس مجروح نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر اختلاف رائے کو ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا جذبے کے تابع ہونا چاہیے تاکہ کسی کو بھی انتشار پھیلانے کا موقع نہ ملے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات