کوہاٹ پولیس نے اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزم کو گرفتارکرلیا

جمعرات 2 اپریل 2015 19:49

کوہاٹ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) کوہاٹ پولیس نے صوبائی حکومت کی ہیڈ منی لسٹ میں شامل اور اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک اغواء کارکو گرفتار کر لیا ہے۔عرصہ درازسے روپوش ملزم کو انڈس ہائی وے پرپنڈی انٹر چینج کے قریب حراست میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف کو خفیہ ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ اغواء برائے تاوان کی گھناؤنے وارداتوں کاریکارڈ یافتہ ماسٹر مائنڈسیف علی عرف سیفی ولد وہاب علی ساکن استرزئی پایاں تاوان کی خاطراغوائیگی کے کسی خطرناک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوہاٹ شہر میں داخل ہواہے۔

اس اطلاع پر ضلع بھر کی پولیس کوالرٹ کرتے ہوئے ملزم کی ہر قیمت پر گرفتاری عمل میں لانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔

(جاری ہے)

تاہم تھانہ محمد ریاض شہید پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹرعمر حیات نفری کے ہمراہ انڈس ہائی وے پر معمول کی گشت پر تھے کہ اس دوران پنڈی انٹر چینج پر مبینہ اغواء کار کو موجود پا کر انہیں گرفتاری دینے کا حکم دیا تو ملزم نے سرنڈر ہونے کی بجائے بھاگنے کی ناکام کوشش کی جسے پولیس پارٹی نے تعاقب کے بعد گھیر کر حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم صوبہ بھر کی پولیس کو اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں عرصہ دراز سے مطلوب تھا جو ملک کے مختلف حصوں میں قلیل عرصہ کیلئے رہائش اختیار کرتا اور پھر اپنی موجودگی چھپانے کی خاطراس علاقے سے اچانک غائب ہوجاتااور یوں ملزم واردات کے بعدکئی مرتبہ پولیس کو جل دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوچکا تھا۔پولیس ذرائع کے بقول انتہائی شاطر ملزم نے صاحب حیثیت افراد کو تاوان کی غرض سے اغواء کرنے کے گھناؤنے جرم کو معاشی فائدہ حاصل کرنے کا کاروبار بنا رکھا تھاجبکہ ملزم کی گرفتاری پر صوبائی حکومت نے انکا نام ہیڈ منی لسٹ میں شامل کرکے تین لاکھ روپے کا انعام مقرر کر رکھا تھا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے پولیس کی اس کاروائی کو سراہتے ہوئے بڑی کامیابی قرار دی ہے اور پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کابھی اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :