عوام کے معیار زندگی میں انقلاب لانے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جارہے ہیں ، تمام سیاسی وابستگیوں اور مفادات سے بالا تر رہ کر عوام کی بالا تفریق خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے ،ہمارے دور میں جتنے ترقیاتی منصوبے شروع ہوئے اتنے آج تک کسی دور میں شروع نہیں کئے گئے ،سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کااجتماع سے خطاب

جمعرات 2 اپریل 2015 19:47

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کے معیار زندگی میں انقلاب لانے کیلئے بھر پور انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں وہ بام خیل صوابی میں مسلم لیگ ن کے سابق ناظم یوسی بام خیل عزیز اللہ خان کے حجرہ میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس میں عزیز اللہ خان نے مسلم لیگ ن سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے تمامتر سیاسی وابستگیوں اور مفادات سے بالا تر رہ کر عوام کی بالا تفریق اور بلا امتیاز خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ اتنے ترقیاتی منصوبے آج تک کسی دور میں شروع نہیں کئے گئے جتنے ترقیاتی منصوبے اس دور میں شروع کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ انہوں نے عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ان کا ضمیر پوری طرح مطمئن ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں قدرے وقت لگتا ہے اور عوام بتدریج ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سابق ناظم عزیز اللہ خان نے علاقے کی ترقی میں سپیکر اسد قیصر کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ علاقے میں بھر پور ترقیاتی عمل کے اجراء کے باعث دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکن اور رہنماء انکی طرح اپنی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں دھڑا دھڑ شمولیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کی قیادت پر اپنے بھر پور اور غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حمایت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ دھڑا دھڑ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے عزیز اللہ خان کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی اور انہیں پی ٹی آئی کی ٹوپی پہنائی۔

متعلقہ عنوان :