کراچی،ملازمین محنت اور دیانتداری سے کام کریں تو ادارہ بہت جلد ترقی کی منازل طے کرتا ہے ،ڈاکٹرظفراقبال

جمعرات 2 اپریل 2015 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ءکسی بھی ادارے کا اثاثہ اس کے ملازمین ہوتے ہیں اگر ملازمین محنت اور دیانتداری سے کام کریں تو ادارہ بہت جلد ترقی کی منازل طے کرتا ہے ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن گلشن کیمپس کی جانب سے جامعہ کے سپرنٹنڈنٹ ملازمین کی گریڈ17میں اپ گریڈ کئے جانے والے ملازمین کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں جامعہ نے 26ویں نمبرسے6نمبر پر آنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ اگر ہم اپنے فرائض سے مخلص ہوجائیں تو جامعہ اردو کا شمار بھی دنیا کی بہترین جامعات میں ہوسکتا ہے۔وفاقی جامعہ اردو کی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جامعہ اردو کا شمار دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہو اور یہاں کے طلباء اس کے نام سے دنیا بھر میں پہنچانے جائیں اور اس کا نام روشن کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر فہیم الدین، ڈائریکٹر پروٹوکول بشیر بگھیو بھی موجود تھے۔ انجمن کے صدر عدنان اختر اور جنرل سیکریٹری آصف محمود خان نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی ملازمین کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کریں گے۔انہوں نے عہدیداران اور ملازمین کی جانب سے شیخ الجامعہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جامعہ اردو کی ترقی میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :