کمشنرکراچی کی ہدایت پرملاوٹی اورمضر صحت اشیا فروخت اور بنانے والوں کے خلاف ٹاکس فورس کارروائی

صارفین کو ملاوٹ جعلی اور غیر معیاری کولڈڈرنک بنانے والی فیکٹری پرچھاپہ سامان ضبط ،مالک پولیس کی تحویل میں دے دیا،ممبر ٹاکس فورس کوکب اقبال

جمعرات 2 اپریل 2015 18:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ءمضرصحت اشیا فروخت اور بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر کارروائی جارہی رہے گی۔یہ بات کوکب اقبال ممبر ٹاکس فورس کمشنر کراچی اور چیئرمین کنزیومرایسوسی ایشن آف پاکستان نے ماڈل کالونی اورکھوکھراپار کی کچی آبادی میں قائم جعلی اور مضر صحت کولڈڈرنک بنانے والی فیکٹری پر چھاپے کے دوران کہی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور اسپیشل جوڈیشنل مجسٹریٹ فہیم میمن ڈپٹی سپرٹینڈنٹ پولیس سعودآباد محمود حسین راجا،نواز گھمرو مختیار کار، ایس ایچ او احسن، فوڈ انسپکٹر شوکت ،علی حسین، وائس چیئرپرسن ایڈوائزی کونسل CAP فاطمہ مشرف،کوآڈنیٹرکیپ فرحانہ مسعودبھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے میڈیا کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹی اورمضرصحت اشیا بنانے والے صارفین کی صحت سے کھیل رہے ہیں۔

شہر میں مضر صحت کھلا خورودنی تیل وگھی،مرچ مسالے ،غیر معیاری ٹافیاں،جعلی اورغیر معیاری کولڈڈرنکس بنائی اور فروخت کی جارہی ہیں جس کے خلاف کمشنر کراچی کی قائم کردہ ٹاکس فورس کارروائی کررہی ہے انھوں نے کہا کہ ہمیں ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کھوکھراپار کی کچی آبادی میں جعلی کولڈڈرنک بنانے والی فیکٹری سے شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جارہی ہے جس پر آج کارروائی کی گئی۔

مضر صحت اورجعلی کولڈڈرنک بنانے میں استعمال کی جانے والی مشنری کو تحویل میں لیا گیاہے اور اس کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ممبر ٹاکس فورس کمشنر کراچی کوکب اقبال نے کہا کہ شہر کے مختلف ریسٹورانٹس کے کچن چیک کرنے کے ساتھ غذائی اشیا بنانے والی فیکٹریوں کا بھی معائنہ کیا جارہا ہے اوراُس کے ساتھ چھوٹے بڑے اسکولوں وکالجز میں قائم کینٹین کو بھی چیک کیا جائے گا۔

تاکہ ملاوٹ سے پاک اشیا کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے انھوں نے کہا کہ کچھ بڑے بڑے ریسٹورانٹس ،بیکری ،مٹھائی بنانے والے، ڈبل روٹی بنانے کے کارخانوں میں حفظانِ صحت کے مطابق اشیا تیار نہیں کی جارہی ہیں ایسے مضر صحت اشیا بنانے والوں کو محکمہ فوڈ کی جانب سے نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مضر صحت اشیا کی فروخت سے صارفین کو مختلف بیماریاں لاحق ہورہی ہیں جس کی وجہ سے شہر بھر کے اسپتال بھرے پڑے ہیں ۔ کوکب اقبال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مضر صحت اشیا بنانے والوں کی نشان دہی کریں تاکہ ایسی مضر صحت اشیا بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جاسکے اورشہریوں کو اچھی غذا میسر آسکے۔

متعلقہ عنوان :