عرب لیگ فلسطین کی آزادی ،قبلہ اول کی بازیابی کیلئے مشترکہ عرب فورس کے قیام کا اعلان کرے، مظفر ہاشمی

عرب حکمران ہوش کے ناخن لیں ،عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل کے ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ نہ بنیں، علامہ قاضی احمد نورانی

جمعرات 2 اپریل 2015 18:05

کراچی( این این آئی ) عرب لیگ فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے مشترکہ عرب فورس کے قیام کا اعلان کرے،عرب حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عالمی استعمار امریکہ او ر اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ نہ بنیں ۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی کراچی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، عوامی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ انبیاء  کی سرزمین فلسطین گذشتہ 67برسوں سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے شکنجے میں ہے اور روزانہ فلسطینیوں کو انسانیت سوز مظالم برداشت کرنا پڑتے ہیں، جبکہ مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس غاصب صیہونی ریاست کی سازشوں کے نشانے پر ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ دنیا میں 57مسلمام ممالک کے ہونے کے باوجود آج تک قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینیوں کو صیہونی دشمن سے نجات حاصل نہیں ہو سکی، انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل نہ صرف مسلم امہ کا بلکہ دنیا کی تمام اقوام کا بد ترین دشمن ہے لہذٰا ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانوں کی عرب بادشاہتیں اپنی بادشاہتوں کے تحفظ کے لئے مشترکہ عرب فورس بنانے کی بجائے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے مشترکہ عرب فوج کے قیام کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی دگر گوں صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کو براہ راست امریکہ اور اسرائیل کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی اور خون ریزی کی جا رہی ہے اور مسلم عرب ریاستوں کو آگ میں جھونک دیا گیا ہے ان سب کے پیچھے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کا ہاتھ کارفرما ہے اور عالمی استعمار امریکہ اسرائیل کی کھلم کھلا سرپرستی میں مصروف عمل ہے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے حالیہ دنوں یمن کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یمن پر عرب ریاستوں کیجانب سے کیا جانے والا حملہ امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ ہے تاہم عرب حکمرانوں اور بادشاہتو ں کو چاہئیے کہ ہوش کے ناخن لیں اور مسلم دنیا کو مزید تقسیم کرنے کی بجائے عالم اسلام کے مشترکہ مسائل اور سب سے اہم مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے عملی اقدامات انجام دیں۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ دوسرے ممالک کی خود مختاری کا دفاع کرنے کی بجائے پہلے اپنے ملک کی خود مختاری کو یقینی بنائیں کیونکہ جس ملک میں آئے روزامریکی ڈرون کھلم کھلا حملے کرتے ہوں اس ملک کے حکمرانوں کو دوسرے ممالک کی خود مختاری کا دفاع کرنے کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا ہے، انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت عرب خطوں میں پیداہونے والی صورتحال میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے اور امریکی و اسرائیلی سازشوں میں شریک کار نہ بنے کیونکہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :