ملک میں ایوب خان ، ضیاء الحق اورپرویز مشرف کے مارشل لاء کے بعد پہلی بار جمہوری حکومت میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد دینی اور سیاسی قوتوں کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے، عوام جے یو آئی اور سہ فریقی اتحاد کے حق میں اپنا فیصلہ دیں

جمعیت علماء اسلام (ف) خیبر پختونخوا کے امیر مولانا گل نصیب خان کا ضلعی مجلس عاملہ اور تر بیتی کنونشن سے خطاب

جمعرات 2 اپریل 2015 17:57

صوابی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) جمعیت علماء اسلام (ف) صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر مولانا گل نصیب خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فیلڈ مارشل محمد ایوب خان ، جنرل ضیاء الحق اورجنرل پرویز مشرف کے مارشلائی دور حکومت کے بعد پہلی بار جمہوری حکومت میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد دینی اور سیاسی قوتوں کے لئے ایک ٹیسٹ کیس ہے لہذا عوام اس الیکشن میں سوچ وسمجھ سے جے یو آئی اور سہ فریقی اتحاد کے حق میں اپنا فیصلہ دیں۔

وہ جمعرات کے روز یہاں ضلعی آفس میں ضلعی امیر جے یو آئی مولانا عطاء الحق درویش کی صدارت میں ضلعی مجلس عاملہ اور کارکنوں کے ایک بڑے تر بیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ جس سے ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش کے علاوہ مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی حقانی ، ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا احسان الحق ، مولانا امین الحق اور مولانا محمد ہارون حنفی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چاروں تحصیلوں کے ذمہ داروں نے اپنے اپنے تحصیل کی رپورٹ پیش کی۔ اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بھر پور تیاریوں کے بارے میں غور وخوص ہوا مولانا گل نصیب خان نے کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جے یو آئی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے کارکنوں کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ اور جماعت کو منظم کر انا ہو گا۔

اور اس الیکشن میں پولنگ ایجنٹس کی تر بیت پر ہر امیدوار خصوصی توجہ دیں کیونکہ ہر الیکشن میں اہم کر دار پولنگ ایجنٹ کا ہو تا ہے سہ فریقی اتحاد کے پلیٹ فارم سے جے یو آئی بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے رہی ہے۔ حکومت کا بلدیاتی الیکشن کا ایک روز بعد کے بجائے دس دن بعد نتائج کا اعلان دھاندلی کے لئے راستہ ہموارکرنا ہے۔لہذا الیکشن کمیشن آف پاکستان عام الیکشن کی طرح فی الفور بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے اگلے دن نتائج کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ مغربی این جی اوز اور مغربی قوتیں صوبائی حکومت کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔ حالیہ سینٹ الیکشن میں ان کے تمام حربے سامنے آچکے ہیں اب بلدیاتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن بہر حال بلدیاتی الیکشن میں سہ فریقی اتحاد بھر پور انداز میں کامیابی حاصل کرئے گی۔ صوبے میں قوم کا مکمل اعتماد جے یو آئی ، اے این پی اور پی پی پی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد پر ہے کیونکہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن سے کئی بار راہ فرار اختیار کر نے پر عوام کا اعتماد صوبائی حکومت سے اُٹھ چکا ہے۔

تاہم اس الیکشن کے نتائج قوم کے حق میں ہونگے ضلعی امیر مولانا عطاء الحق درویش ، مرکزی نائب امیر مولانا فضل علی حقانی ، مولانا احسان الحق ، مولانا محمد ہارون حنفی اور مولانا آمین الحق نے خطاب کر تے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن سیاسی بنیادوں پر عدلیہ کے نگرانی میں کرائے جائیں دھاندلی کے روک تھام کے لئے عملی اقدامات اُٹھا کر بلدیاتی الیکشن کے لئے الیکشن کمیشن طریقہ کار وضع کریں ہمیں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حکومتی طریقہ کار منظور نہیں انہوں نے کہا کہ جے یو آئی بلدیاتی الیکشن میں ہر صورت حصہ لے گی ۔