علاقے کو سوئی گیس فراہم نہ کی گئی تو عوام یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیں گے،جاوید خان

جمعرات 2 اپریل 2015 17:52

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) فلاحی کمیٹی خلیل ٹاؤن کے صدرجاوید خان نے کہاہے کہ اگر علاقے کو سوئی گیس فراہم نہ کی گئی تو علاقے کے عوام یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیں گے اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معززین علاقہ سمیت کمال خان اور مرزا شاہد بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علاقے میں گیس پائپ لائن کے باوجود سوئی گیس بالکل ناپید ہے جس کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات و مسائل کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ گیس سلینڈروں پر گزارا کر رہے ہیں جس کا بوجھ مقامی باشندے برداشت نہیں کرسکتے مقررین نے کہا کہ علاقے کے عوام دور جدید میں سوئی گیس کی دولت سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مقامی باشندوں میں شدید احساس محرومی پایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ علاقے میں سوئی گیس پائپ لائن موجود ہے مگر اس پائپ لائن میں گیس نہ ہونے کے باعث مقامی باشندے شدید ذہنی کوفت سے دوچار ہیں انہوں نے واضح کیا کہ اگر اس بارے میں فوری اور عملی اقدامات نہ کئے گئے تو علاقے کے عوام احتجاج پر مجبور ہونگے اور وہ یونیورسٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیں گے۔

متعلقہ عنوان :