ذوالفقارعلی بھٹوکی36ویں برسی پرسوں ملک بھر میں منائی جائے گی

جمعرات 2 اپریل 2015 16:53

کراچی ،جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین و سابق وزیر اعظم،قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹوکی36ویں برسی 4اپریل بروزہفتہ ملک بھر میں منائی جائے گی ذوالفقار علی بھٹوکو 4اپریل 1979ء کو ایک حکمنامے کے ذریعے پھانسی دے دی گئی تھی۔ چار اپریل کو 36ویں برسی چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،شمالی علاقہ جات،وفاقی دارالحکومت ,جنوبی پنجاب اور جہانیاں سمیت ملک بھر کے طول عرض اور بیرون ملک بھی منائی جائے گی پاکستان میں مرکزی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی جبکہ ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے تمام ڈویژنل ،ضلعی،تحصیل اور سٹی دفاتر میں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

برسی کے موقع پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینارز،جلسے ،جلوس،مذاکرے،مشاعرے اور دیگر تقریبات منعقد ہوں گی جس میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت اور ملک و قوم کیلئے خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی جائے گی اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے جبکہ نجی ٹی وی چینلزسے بھی خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جس میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے پیش کی گئی خدمات کو اجاگر کیا جائے گا