سعودی عرب کو فوجی امداد دینے بارے غور کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6اپریل کو بلانے کا فیصلہ

تمام فیصلے پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق کئے جائیں گے، خارجہ پالیسی میں قومی مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا،سعودی عرب کی خود مختاری پر حملہ ہوا تو سخت رد عمل دیں گے، مسلم امہ اتحاد کے ذریعے یمن کا مسئلہ حل کرے،پاکستانیوں کی یمن سے باحفاظت واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، محصور پاکستانی خود کو تنہا نہ سمجھیں وزیراعظم نوازشریف کااعلی سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 2 اپریل 2015 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں یمن کی صورتحال پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6اپریل(پیر کو) کو بلانے کا فیصلہ کیاگیا،وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ سعودی عرب کی خود مختاری پر حملہ ہوا تو سخت رد عمل دیں گے، مسلم امہ اتحاد کے ذریعے یمن کا مسئلہ حل کرے،پاکستانیوں کی یمن سے باحفاظت واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، محصور پاکستانی خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پراعلی سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں یمن کی صورتحال پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 6اپریل کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کیلئے وزیراعظم صدر کو ایڈوائس بھیجیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو سخت رد عمل دیں گے۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان یمن میں غیر ریاستی عناصر کی کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے۔عالمی برادری مسئلے کے سیاسی حل کیلئے کردار ادا کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تمام فیصلے پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق کئے جائیں گے، خارجہ پالیسی میں قومی مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا، مسلم امہ اتحاد کے ذریعے یمن کا مسئلہ حل کرے، یمن کا مسئلہ پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، سعودی عرب کی خود مختاری پر حملہ ہوا تو دفاع کریں گے ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرپورٹ ایئرچیف مارشل سہیل امان، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری شریک تھے۔ اجلاس میں سعودی عرب کا دورہ کرکے آئے وفد نے وزیراعظم کو سعودی حکام سے بات چیت پربریفنگ دی۔ خواجہ آصف کی سربراہی میں وفد نے گزشتہ روز سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے یمن میں پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی جہاز کے جبوتی پہنچنے پر پی آئی اے کا جہاز روانہ کر دیا جائے گا۔

عدن پورٹ پر موجود پاکستانیوں کی سفری دستاویزات تیار ہیں، جبوتی میں بھی پاکستانی سفارتخانہ متعارف ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن لانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے انخلاء تک کوششیں جاری رکھیں جائیں، پاکستانیوں کی یمن سے باحفاظت واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، محصور پاکستانی خود کو تنہا نہ سمجھیں