اداکارہ ثنا بھی آئٹم سانگ کرنے والی اداکاراوٴں میں شامل

اداکارہ ثنا ہدایتکارہ سنگیتا کی فلم ”عشق پازیٹو“ میں آئٹم سانگ کیلئے لاہور پہنچ گئیں

جمعرات 2 اپریل 2015 11:41

اداکارہ ثنا بھی آئٹم سانگ کرنے والی اداکاراوٴں میں شامل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) اداکارہ ثنا بھی آئٹم سانگ کرنے والی اداکاراوٴں میں شامل ہوگئیں ۔تفصیلات کے مطابق اداکارہ ثنا نے ہدایتکارہ سنگیتا کی فلم ”عشق پازیٹو“ میں آئٹم سانگ کریں گی جس کے لیے وہ کراچی سے لاہور پہنچ گئی ہیں جہاں باری اسٹوڈیو کے گاوٴں میں اداکار سعود ، ولی بخاری سمیت دیگر ایکسٹر فنکاروں کے ساتھ عکسبندی میں حصہ لیا۔

اداکارہ ثنا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے معلوم ہے کہ اس وقت پاکستانی فلموں میں فلمائے جانے والے آئٹم سانگز میں سے کوئی بھی ہٹ نہیں ہوا مگر میں دعویٰ سے کہتی ہوں کہ ”عشق پازیٹو“ کا آئٹم سانگ مقبول عام ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ میڈم سنگیتا فلم انڈسٹری کی منجھی ہوئی ہدایتکارہ ہیں جو اچھی طرح سمجھتی ہیں کہ کس اداکار یا اداکارہ سے کیا کام لینا ہے جس کا اندازہ ان کی فلموں سے لگایا جا سکتا ہے کہ جس میں انھوں نے مجھ سے کیسے چیلنجنگ کردار کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

اس فلم کے آئٹم سانگ کے لیے بھی میرا انتخاب ذاتی تعلقات کی وجہ سے نہیں بلکہ میری پرفارمنس کو دیکھ کر ہوا ہے۔میری کوشش ہوگی کہ اس آئٹم سانگ کو اتنی خوبصورتی سے کراوٴں کہ ہر طرف اس کے ہی چرچے ہوں ۔ کراچی سے اس گانے کی شوٹنگ کے لیے ہی آئی ہوں اور ایک دو روز بعد واپس چلی جاوٴں گی۔ایک سوال کے جواب میں ثنا نے کہا کہ ایک عرصہ بعد اسٹوڈیو میں آنا اور شوٹنگ کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے، مگر اس کی ویرانی دیکھ کر افسردہ بھی ہوں کیونکہ ایک وقت تھا جب ایک سے زائد فلموں کی شوٹنگز چل رہی ہوتی تھیں ، ہم اسے اپنا گھر ہی سمجھتے تھے، میری دعا ہے کہ اس کی رونقیں دوبارہ سے بحال ہوں اور ہم پھر سے واپس اپنے گھر آجائیں ۔

متعلقہ عنوان :