دہشت گردی کے خلاف جس تندہی کے ساتھ سندھ حکومت کام کررہی ہے اس کی مثال ملک کے کسی دوسرے صوبے میں نہیں ملتی،نجمی عالم

بدھ 1 اپریل 2015 22:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم ، نائب صدور شاہ جہاں خان،فرید انصاری،لطیف مغل اور منظور عباس نے اپنے مشترکہ بیان میں میڈیا میں موجود مخصوص ذہنیت رکھنے والے دانشوروں اور کالم نویسوں کی سندھ حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کو جمہوریت کی دستار کو آمریت کے پیروں تلے روندے جانے کیلئے رچائی جانے والی قلمی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جس تندہی کے ساتھ سندھ حکومت کام کررہی ہے اس کی مثال ملک کے کسی دوسرے صوبے میں نہیں ملتی۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں دہشت گردوں کے خلاف جس بڑے پیمانے پر سندھ حکومت ماتحت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کارروائیاں کروارہی ہے اسے نظر انداز کرنا سراسر ظلم اور حق تلفی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معروف کالم نویس ہارون رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سب سے پہلے سندھ حکومت نے اپنے 8نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی اور قانون نافذکرنے والے اداروں کو مکمل فری ہینڈ دیا جس کی تازہ ترین مثال سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بلاول ہاؤس سے بیریئر ہٹانے کی از خود پہل ہے۔

حالانکہ پیپلز پارٹی نے دہشت گردوں کے ہاتھوں ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید سمیت کلیدی رہنماؤں اور لاتعداد کارکنوں نے جان کی قربانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثبت تنقید جمہوری دور کا حسن ہوتی ہے لیکن جب تنقید بلاوجہ ہو تو اس کا منفی اثر پوری سوسائٹی پر پڑتا ہے لہذا تنقید کرتے وقت حقائق کو مدنظر ضرور رکھا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :