این ایل سی کے تحت میٹرو بس پراجیکٹ پیکیج ٹوکا چاندنی چوک پر پہلا میٹرو بس سٹاپ مکمل

حنیف عباسی ،کمشنر راولپنڈی اور انجینئر ز کا دورہ، پیکیج ٹو روٹ کا 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا

بدھ 1 اپریل 2015 21:57

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) این ایل سی کے تحت میٹرو بس پراجیکٹ کمیٹی چوک سے سکستھ چوک تک پیکیج ٹو چاندنی چوک پر پہلا میٹرو بس اسٹیشن مکمل کر لیا گیا ہے۔یہ اب تک میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی اسلام آباد روٹ پر مکمل ہونے والا پہلا بس اسٹیشن ہے۔ کمشنر راولپنڈی زاہد سعید ، میٹرو بس پراجیکٹ کے سربراہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما محمد حنیف عباسی ، ملک ابرار احمد ایم این اے ، اراکین پنجاب اسمبلی ملک افتخاراحمد ، راجہ محمد حنیف ، سابق ایم این اے ملک شکیل اعوان اور دیگر عوامی نمائندوں اور این ایل سی کے انجینئرزنے میٹرواسٹیشن اور ٹریک کا دورہ کیا اور تعمیراتی کا موں کا جائزہ لیا۔

محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ ، خوبصورتی ، تیز رفتار اور آرام دہ سفرکے حوالے سے اپنی مثال آپ اور وزیر اعظم پاکستا ن محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت کا ایک قابل فخر کارنامہ ہے جو اس وقت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے کہاکہ غیر موافق موسم اور مسلسل بارشوں کے باوجود میٹرو بس پراجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کی بھر پور جدو جہد جاری ہے اور اس کی تکمیل سے شہری ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر این ایل سی کے آفیشنلز نے بتایا کہ میٹرو بس اسٹیشنز کو خوبصورت اور جازب نظر بنانے کے لئے اسے خصوصی ڈیزائنگ کی مناسبت سے آراستہ کیا گیا ہے اور اس میں امریکہ ، اٹلی ، چائینہ ،جرمنی اوردیگر ممالک سے سے درآمدشدہ جدید تقاضوں کے مطابق اور مضبوط میٹریل استعمال کیا گیا ہے جس میں شیشہ ، ایلمونیم ، ٹائلیں، ایکسکلیٹر شامل ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کمیٹی چوک سے سکستھ روڈ چوک تک پیکیج ٹو کے فلائی آور کا 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ، روٹ کے زمینی حصے کا 70 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے ، اسی طرح وراث خان کے میٹرو اسٹیشن کا 80 فیصد اور رحمان آباد میٹرو بس اسٹیشن کا 60 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

شہریوں اور تاجروں نے پیکیج ٹو کے مشکل روٹ پر انتہائی مہارت اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل تک پہنچنانے پر این ایل سی کے انجینئرز اور تعمیراتی ٹیم کے اراکین کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ میٹرو کی تکمیل سے اہلیان راولپنڈی و اسلام آباد کی سفری مشکلات دور ہوں گی اور یہ منصوبہ جڑواں شہروں کی اجتماعی خوبصورتی میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔

متعلقہ عنوان :