جمعیت اہلسنت پاکستان کا جمعہ کو یوم دفاع حرمین شریفین منانے کا اعلان

بدھ 1 اپریل 2015 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) جمعیت اہلسنت پاکستان نے جمعہ کو یوم دفاع حرمین شریفین منانے کا اعلان کر دیا، ملک بھر میں مظاہرے اور ریلیاں ہوں گی، دفاع حرمین خطبات جمعہ کا خصوصی موضوع ہو گا، ملک بھر کی لاکھوں مساجد اور مدارس میں حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جمعیت اہلسنت کے رہنماؤں نے کہا کہ طاغوتی قوتوں کی ایماء پر ارض حرمین میں شورش برپا کرنے کی مہم جوئی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سعودی عرب ہمارا دیرینہ محسن اور فطری حلیف ملک ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑویں گے، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم بھی ہر محاذ پر سعودی عرب کی شانہ شانہ ہے، ریاستی ادارے پاکستان کے مفاد میں جو فیصلہ کریں گے ہم اس کی مکمل پشت پناہی کریں گے، ارض حرمین کے دفاع کی جدوجہد پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی ہے، عض عناصر غیر ملکی شہ پر اس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

بدھ کو جمعیت اہلسنت کے رہنماؤں مولانا ظہور احمد علوی، مولانا محمد نذیر احمد فاروقی، مولانا ادریس حقانی، مولانا تنویر احمد علوی، مولانا ضیاء الحق حقانی، مولانا ظہیر الدین امازئی، مولانا زاہد کشمیری، مفتی سجاد ساریہ اور دیگر نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علماء کرام اور مساجد کے ائمہ و خطباء کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہمارا مذہبی اور ایمانی فریضہ ہے اور اس میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ طاغوتی قوتوں کی ایماء پر ارض حرمین میں شورش برپا کرنے کیلئے شر انگیزی اور ناجائز مداخلت کی جو مہم جوئی جاری ہے وہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ جمعیت اہلسنت کے رہنماؤں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا فطری حلیف ملک ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سعودی عرب کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان تعاون کیا، اس لئے پاکستانی قوم بھی ہر محاذ پر سعودی عرب کے ساتھ ہے اور ارض حرمین کے دفاع اور وہاں امن و امان کی بقاء کیلئے ہر پکار پر پاکستانی قوم کا بچہ بچہ لبیک کہے گا۔

جمعیت اہلسنت کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ پاکستان کے پالیسی ساز ادارے پاکستان کے عالمی، دینی، سیاسی، اقتصادی اور اسٹریٹیجک مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے جو فیصلہ کریں گے پاکستان کے ہر طبقے کو اپنی پشت پر پائیں گے۔ جمعیت اہلسنت کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ارض حرمین کے دفاع کو فرقہ وارانہ رنگ دینے سے گریز کیا جائے اور جو مٹھی بھر عناصر پاکستان سے بڑھ کر دیگر ممالک سے ہمدردی اور وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں انہیں اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنی چاہیے۔(اح+ش خ)

متعلقہ عنوان :