جماعت اسلامی ملک میں امن،خوشحالی اورعدل کے نظام کے نفاذکے لیے عوامی رابطہ مہم چلائے گی ،ممتاز حسین سہتو

بدھ 1 اپریل 2015 20:21

سٹھارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں امن،خوشحالی اورعدل کے نظام کے نفاذ، سندھ سے غربت،بدامنی،مہنگائی کے خاتمے اورنااہل قیادت سے نجات دلانے کیلئے 3تا15اپریل ”اسلامی پاکستان۔۔خوشحال پاکستان“ملک گیررابطہ عوام مہم چلاکر ایک کروڑ سے زاید عوام تک اپنی دعوت اور انہیں اپنا ممبر بنائے گی تاکہ حقیقی معنیٰ میں ایک اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست کا خواب پورا ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سٹھارجہ ضلع خیرپورمیں رابط عوام مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کارکنان کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرضلعی امیر درمحمد خاصخیلی،قیم امتیازحسین سہتو ودیگررہنمابھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو اس امید پر ووٹ دیکر اقتدار میں پہنچایا کہ شاید اس بار ان کی تقدیر بدل جائے مگر بدقسمتی سے آج سندھ کے عوام اس جدید دور میں بھی صحت، تعلیم اور پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

تھر میں غربت سے بچوں کی اموات اور پانی کی کمی کی وجہ سے مال، مویشی مرنے کی خبریں اس کا واضح ثبوت ہیں، حکمرانوں نے عوام کے دکھوں کا مداوا اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے بجلی کی لوڈشیڈنگ، بدامنی اور مہنگائی کے ذریعے ان کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے۔ سرمایادار اور جاگیردار طبقہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتا ہو یہ اپنے مفادات کیلئے تو اکٹھے بیٹھ سکتے ہیں مگر غربت، مہنگائی، بدامنی کے خاتمے سمیت عوام کے سلگتے مسائل کے حل کیلئے ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

سندھ میں ہاریوں اور کاشتکاروں کو اپنی فصل گندم، دھان،گنے کے مناسب اور اپنے ہی اعلان کردہ ریٹ نہ دلاکر ان کا معاشی قتل اور سرمایادار طبقے کو سبسڈی کے نام پر فائدہ پہنچانا ان کی سراسر عوام دشمنی ہے۔اسلئے تمام مظلوم طبقات کو اپنے حقوق کیلئے متفق ہوکر ظالموں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔اسلام کا عادلانہ نظام اور اہل ودیانتدار قیادت ہی مظلوم عوام کو اپنے حقوق اور تمام مسائل کا حل کرسکتے ہیں۔

جماعت اسلامی بھی اپنے قیام سے لیکر آج تک اس کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست، کرپشن، لوٹ مار ،اقرباپروری کانام نہیں بلکہ دیانت، امانت اور انسانیت کی خدمت کا نام ہے۔جماعت اسلامی کی قیادت نے سراج الحق، نعمت اللہ خان، عبدالستار افغانی کی شکل میں ملک وقوم کی بھرپور اور دیانتدارانہ طریقے سے خدمت کی ہے،اور آئندہ بھی عوام نے موقع دیا تو ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

جماعت اسلامی سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی،حلقہ بندیاں وڈیروں کی فرمائش کی بجائے عوامی سہولیات اور مفادادت کو مدنظر رکھ کر بنائی جائیں۔اسلئے عوام ملک وقوم کی بہتری کیلئے کرپٹ ونااہل امیدواروں کو مسترد کرکے اہل ودیانتدار قیادت کو منتخب کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :