مرکزی انجمن تاجران میں پھوٹ پڑگئی ،تاجر رہنماؤں نے سپریم کونسل گروپ پر اعتماد کا اظہار کردیا

مرکزی انجمن تاجران کے اہم رہنماء چیئرمین سکیورٹی شیخ رئیس احمد بھولا مخالف دھڑے سپریم کونسل گروپ میں شامل ہوگئے

بدھ 1 اپریل 2015 20:13

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)مرکزی انجمن تاجران کے اہم رہنماء چیئرمین سکیورٹی شیخ رئیس احمد بھولا سپریم کونسل مرکزی انجمن تاجران کے صدر میاں عبدالغفار شیخ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی انجمن تاجران کو چھوڑ کر مخالف دھڑے سپریم کونسل گروپ میں شامل ہوگئے ، رئیس احمدبھولا نے شمولیت کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کونسل حق اور سچ کی پیامبر تاجر تنظیم ہے ،اس قافلہ میں شامل ہوکر دلی سکون حاصل ہوا ہے۔

اس سلسلے میں چیئرمین سپریم کونسل گروپ شیخ طارق جاوید نارگ نے کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے تاجروں پر کئی سالوں سے زبردستی مسلط نہاد مرکزی انجمن تاجران انتشار کا شکار ہوچکی ہے ، چیئرمین سکیورٹی شیخ رئیس احمد بھولا بارش کاقطرہ ثابت ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سپریم کونسل عرصہ دراز سے تاجروں کے حقوق کی جنگ میں تمام مشکلات کا صبر اور خندہ پیشانی سے مقابلہ کررہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری بابر مونگا کی بیرون ملک روانگی کے بعد انجمن تاجران کی قیادت سمیت دیگر عہدیدار شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہے کہ مشکل کی گھڑی میں بابر مونگاکا ساتھ چھوڑنا مناسب نہیں ادھر صدر مرکزی انجمن تاجران میاں مبشر حسین نے کہا ہے کہ رئیس بھولا انجمن تاجران کی چھتری تلے تحفظ حاصل کرنا چاہتا تھا جو کہ ہم نے نہیں دیا اور رئیس بھولا کے جانے سے مرکزی انجمن تاجران کو کوئی فرق نہیں پڑیگا وہ اپنے مفاد کی خاطر سپریم کونسل میں شامل ہوئے ہیں تاجروں کے مفاد کیلئے نہیں ۔