وزیراعظم یمن بحران پر مشاورت کیلئے اسلامی ممالک کا دورہ کرینگے

وزیراعظم نواز شریف ذاتی طور پر یمن کے بحران سے منسلک مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطے میں ہیں سفارتی ذرائع

بدھ 1 اپریل 2015 19:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سرکاری ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ کے بحران کے جلد حل کیلئے سہولت فراہم کرنے اور مسلم امہ میں امن واتحاد کے فروغ کے نتیجہ خیز حکمت عملی پر عمل پیرا ہے وزیراعظم نواز شریف اس مقصد کے حصول کیلئے ذاتی طور پر یمن کے بحران سے منسلک مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق مسئلے پر بات چیت کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا وفد سعودی عرب بھیجنے سمیت توقع ہے کہ وزیراعظم اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے اسلامی ممالک کا دورہ کریں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے مسلم امہ کو اس بحران سے نکالنے کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت کو اعتماد میں لینے کی غرض سے بھی مختلف اقدامات کئے ہیں تاکہ ایک مشترکہ قومی حکمت عملی وضع کی جا سکے۔ جہاں تک یمن میں محصور پاکستانیوں کا تعلق ہے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان کی محفوظ اور جلد واپسی یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کیلئے فضائی اور بحری ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔