ہائی سکول وڈھ تعلیمی میدان میں بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ،محنت کرنیوالے زندگی کے کسی بھی شعبے میں پیچھے نہیں رہتے،اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی

بدھ 1 اپریل 2015 18:42

وڈھ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)اسسٹنٹ کمشنر وڈھ عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ ہائی سکول وڈھ تعلیمی میدان میں بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اگلے دس سالوں میں یہی نوجوان اس کے علاقے کے بھاگ دوڑ سمبھالینگے وڈ ھ کے تعلیمی میدان میں ہائی سکول وڈھ ایک امید کی کرن ہے۔محنت کرنے والے زندگی کے کسی بھی شعبے میں پیچھے نہیں رہ جاتے یہاں کے مایوسیوں اور پریشانیوں کو ختم کرنا ہوگا۔

معاشرے میں بہت سارے مشکلات پیش آتے ہیں لیکن دلیری سے آگے بڑھنا ہوگا۔ ہم انتظامیہ کو یہاں دو یا ایک سا ل رہنا ہوتا ہے، لیکن آپ لوگوں نے محنت کرکے علاقے کی بھاگ دوڑ کرکے سمبھالنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول وڈھ میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بلوچستان کی جانب سے ضلع خضدار سے ہائی سکول وڈھ کے سائنس ٹیچر شمس الحق مینگل کو تعلیمی میدان میں بہترین خدمات سرانجام دینے پربیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ ملنے اور 23مارچ کو خضدار میں ہائی سکول وڈھ کے کلاس پنجم کے طالب علم جنید صالح کو ملی نغمہ پیش کرنے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر ان کے اعزاز میں سکول کی جانب سے منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے تحصیل میونسپل کمیٹی وڈھ کے چیئر مین میر امام بخش مینگل، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر وڈھ نورمحمد مینگل ہیڈ ماسٹر ہائی سکول وڈھ خدابخش بلوچ،شمس الحق مینگل،حافظ محمد اقبال شیخ ودیگر نے خطاب کیا۔ عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ ہماری آواز جہاں تک پہنچ سکتی ہے ہم تعلیم کیلئے آپ لوگوں کے ساتھ ہونگے۔انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس مٹی اور دھرتی کا حق آپ لوگوں پر فرض ہے اس حق کو آپ لوگوں نے ہی اد ا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی طرح مشاہدہ کیا ہے پورے تحصیل وڈھ میں ہائی سکول وڈھ تعلیمی میدان میں بہتر پوزیشن میں آگے بڑھ رہی ہے اور آس پاس کے سکولوں سے بچے ہائی سکول وڈھ کا رخ کررہے ہیں اس لئے یہاں تعلیم کی ایک امید نظر آرہی ہے اور ہائی سکول وڈھ ایک امید کی کرن ہے اور تقریب میں بچوں نے ملی نغمہ و دیگر پروگرام پیش کئے۔