کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ،نچلی سطح پر سرپرستی سے پاکستان کھیل کے شعبوں میں کھویا مقام دوبارہ حاصل کرسکتا ہے، ممنون حسین

بدھ 1 اپریل 2015 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور نچلی سطح پر اس کی سرپرستی سے پاکستان کھیل کے تمام شعبوں میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتا ہے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے ایوان صدر میں کرکٹ، ہاکی، سکواش اور ایتھلیٹکس کے نامور کھلاڑیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سپورٹس لیجنڈز قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی کے ذریعے ملک کے لئے اعزازات حاصل کئے۔ سابق کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ قوم نے انہیں فراموش نہیں کیا اور ملک کے لئے ان کا کردار اب بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کھیلوں کے شعبہ میں دوبارہ کامیابیوں کے عروج کے لئے دیانتداری اور لگن سے کھیلوں پر توجہ دینے اور کرپشن کے خاتمے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے پہلے ہی کوشاں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ انفراسٹرکچر کے مزید استحکام کے لئے حکومت کو تجویز پیش کریں گے۔ کھلاڑیوں کی تجاویز پر صدر نے کہا کہ وہ ملک میں کرکٹ، ہاکی، سکواش اور ایتھلیٹکس کے فروغ کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

سابق کھلاڑیوں نے بات چیت کی دعوت دیئے جانے اور ان کی خدمات تسلیم کئے جانے پر صدر سے اظہار تشکر کیا۔ کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی ماجد خان نے کہا کہ انفراسٹرکچر کا فقدان ملک کے کھیلوں میں پیچھے رہنے کا ایک بڑا عنصر ہے۔ وسیم باری نے کہا کہ کھیلوں کو صنعت کے طور پر چلایا جانا چاہئے جبکہ جاوید میانداد اور صادق محمد نے بدانتظامی کو کرکٹ کے میدان میں سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔

انہوں نے کرکٹ کے فروغ کے لئے اسکول اور کالج کی سطحوں پر کھیل کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ہاکی کے ہیروز اصلاح الدین اور شہناز شیخ نے کھلاڑیوں کے مالیاتی مسائل دور کرنے اور نوجوانوں کو ہاکی کے کھیل کی طرف راغب کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔ سکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور قمر زمان نے کہا کہ سکواش کے کھیل کو حکومت کی سرپرستی درکار ہے۔

بعد ازاں صدر مملکت نے کھیل کے میدان میں شاندار خدمات کے اعتراف میں اسپورٹس لیجنڈز کو شیلڈز پیش کیں۔ تقریب جو یوم پاکستان کے سلسلہ میں پروگراموں کا حصہ تھی، میں کرکٹ کے معروف کھلاڑیوں مشتاق محمد، ماجد خان، وسیم باری، جاوید میاں داد، صادق محمد، ہاکی کے کھلاڑیوں اصلاح الدین، شہناز شیخ، منظور الحسن، منظور جونیئر، سکواش کے ہیروز جہانگیر خان، قمر زمان، ایتھلیٹس محمد یونس، عبدالرزاق، باکسر کوثر عباس اور بیس بال کے کھلاڑی کامران محبوب نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :