حکومتی نمائندے بلدیاتی انتخابات پراثر انداز ہونے سے باز رہیں، ابراررضاایڈووکیٹ

الیکشن کمیشن ممبران صوبائی اسمبلی کوکروڑوں کی گرانٹ پر ایکشن لے، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں، رہنماء پی اے ٹی

بدھ 1 اپریل 2015 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتی نمائندے،وزیر،مشیر بلدیاتی انتخابات پر اثر اندازہونے سے باز رہیں،انہوں نے خبردرارکرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک حکومت کے غیر جمہوری، غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہر غیر آئینی اقدامات میں رکاوٹ بنے گی۔

وہ گزشتہ روز اسلام آباد میڈیا سیل میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بنائی گئی الیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت اور خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر اجمل چوہدری،فاروق بٹ،عرفان طاہر،عثمان بٹ،سفیان صابر،مصطفی خان،غلام علی خان،حسن ملک،فیصل نیازی،احسان اللہ ایڈووکیٹ،عزیزاللہ مروت ایڈووکیٹ،احسن قریشی،طالب سہروردی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ابراررضاایڈووکیٹ نے کہا کہ ممبران صوبائی اسمبلی کو کروڑوں کی گرانٹ پری پول رگنگ ہے،جس کا فائدہ براہ راست ن لیگ کے بلدیاتی نمائندوں کو پہنچے گا،انہوں نے الیکشن کمیشن کو نوٹس لینے اور اس غیر قانونی اور غیر آئینی عمل کے خلاف فوری کاروائی کرنے کامطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کو جماعتی بنیادوں پر کروانے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرائے جائیں،بلدیاتی ادار ے قومی سیاست کی نر سری کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی پنجاب حکومت نے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو کروڑوں کی خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے جو پری پول رگنگ اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے ۔الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے ۔اسلام آباد میں عوامی تحریک نے الیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس نے اپنے کام کاآغازکر دیا ہے ، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے رابطے جاری ہیں ۔