”شہبازشریف عوام کی دن رات خدمت کررہے ہیں“

ہائی کورٹ بار کے عہدیداران کاوزیراعلیٰ شہبازشریف کو خراج تحسین

بدھ 1 اپریل 2015 17:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء)لاہو رہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر پیر مسعود چشتی کی قیادت میں وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر پیر مسعود چشتی اوروفد کے دیگر عہدیداران نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی دن رات خدمت کر رہے ہیں اور صوبے میں عوام کیلئے شاندار کام کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے عوام کیلئے متعدد فلاحی پروگرام شروع کئے ہیں۔تعلیم، توانائی اور صحت کے شعبوں میں پنجاب حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں،صوبے کے عوام آپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ جو آپ کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے پنجاب کی بار ایسوسی ایشنز کیلئے سالانہ گرانٹ کے فیصلے کی منظوری پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔وفد نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا شکریہ بھی ادا کیااورکہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے وکلا ء برادری آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔