یمن میں پھنسے آخری پاکستانی کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘حرمین شریفین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا‘تارکین وطن کو کوئی مشکل پیش آئے حکومت بے چین ہوجاتی ہے

گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرکی صدر آزادجموں و کشمیر سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 1 اپریل 2015 16:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان/ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ضرورت پڑی تو حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ کسی پاکستانی کو دنیا کے کسی کونے میں کوئی تکلیف ہوتی ہے تو حکومت بے چین ہوجاتی ہے۔

وہ صدر آزادجموں و کشمیر سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ سردار محمد یعقوب خان نے گورنر/ وفاقی وزیر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یمن میں پھنسے پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کے انخلاء کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے یمن میں پھنسے تارکین وطن کی بحفاظت واپسی کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حرمین شریفین کی حفاظت کو درپیش خطرات کی صورت میں ریاست آزادجموں و کشمیر کی جانب سے مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وفاقی حکومت نے یمن اور اس سے قبل لیبیا میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں اور کشمیریوں کی وطن واپسی کے اقدامات کیے ہیں اس پر ہم سب وزیراعظم کے بے حد مشکور ہیں۔صدر نے آزادکشمیر کے لیے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر کا م تیز کرنے اور فنڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا کہا جس پر وفاقی وزیر نے ذاتی دلچسپی لینے کا وعدہ کیا۔

گورنر نے کہا کہ انہوں نے اپنے شب و روز گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور حلقہ کے لوگوں کے لیے وقف کردیے ہیں جس کے باعث انہیں ہر وقت سفر میں رہنا پڑتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جمہوری عمل کو مضبوط ترکرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :