بلدیاتی انتخابات ، الیکشن کمیشن نے 42 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپوانے کی منظوری دیدی

بدھ 1 اپریل 2015 16:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء ) الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے 42 کروڑ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان ( پی سی پی ) سے چھپوانے کی منظوری دیدی ، پی سی پی اس وقت 33 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، مزید 9 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کیلئے 40 پرنٹنگ مشینیں خریدے گا ، پی سی پی نے 2 نجی پریس بھی ہائیر کیے ہیں جو 30 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپیں گے ، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 22 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔

بدھ کو بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی بارے ای سی پی کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ای سی پی کے قائمقام سیکرٹری شیرافگن نے کہا کہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ای سی پی نے ملک بھرمیں بلدیاتی انتخابات کیلئے 42 کروڑ بیلٹ پیپرز چھپوانے ہیں لیکن اس وقت پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کی صلاحیت 33 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی ہے ، پی سی پی اپنی چھپائی کی صلاحیت بڑھانے کیلئے 40 فیصد پرنٹنگ مشینیں خریدے گا جس سے بقیہ 9 کروڑ بیلٹ پیپرز بھی چھاپنے کے قابل ہوجائے گا ۔

انہوں نے کہ اکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی صدارت میں ایک 5 رکنی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ، کمیٹی 22 دنوں میں چھپائی کا کام مکمل کروائے گی ، اگر اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کے تحفظات سامنے آئے و وہ دور کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کارپوریشن نے دو نجی پرنٹنگ کمپنیوں کو بھی پرنٹنگ کیلئے ہائیر کرلیا ہے ، سیاسی جماعتوں کے اعتراضات سامنے آنے کے بعد انکو اعتمادمیں لیا جائے گا۔ نجی پریسوں سے 30 لاکھ بیلٹ پیپرز چھپوائے جاسکتے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپوائی کیلئے بنائی گئی 5 رکنی ورکنگ کمیٹی میں سیکرٹری ای سی پی ، ڈی جی پوسٹل سروسز ، ڈی جی بجٹ ، ایڈیشل سیکرٹری کینٹ اور ایم ڈی پی سی پی شامل ہوں گے ۔