منی لانڈرنگ کیس ، الطاف حسین کے انتہائی قریبی ساتھی محمد انور کو لندن پولیس نے گرفتار کرلیا

بدھ 1 اپریل 2015 16:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سکاٹ لینڈ یارڈ کے کاؤنٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ کے اسکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم کے منی لانڈرنگ کیس میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایم کیوایم کے انتہائی اہم رہنما اور لندن میں الطاف حسین کے معتمد خاص محمد انور کو گرفتار کر لیا‘سزائے موت کے منتظر صولت مرزا کی جاری ہونے والی ویڈیو میں بھی انہوں نے محمد انور کا نام لیا تھا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان سائمن فریزر کا کہناتھا کہ یہ گرفتار ی پہلے سے جاری تحقیقات کا حصہ ہے ،ان تحقیقات کے دوران انکشاف ہواتھا کہ اسی معاملے میں چھ اور افراد بھی ملوث ہیں جواب ضمانت پر ہیں۔منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے شبہ میں گرفتار ہونے ایم کیوایم کے رہنما والے شخص کو نارتھ ویسٹ لند ن میں گھر پر کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیاہے جنہیں مزید تفتیش کیلئے سینٹرل لند ن پولیس سٹیشن لے جا یا گیاہے۔

(جاری ہے)

میٹروپولیٹن پولیس کے اہلکار گھر کی مزید تلاشی لے رہے ہیں اور دوران تلاشی میٹروپولیٹن پولیس نے کچھ کاغذات اور محمد انور کے کمپیوٹر کو قبضہ میں لے لیاہے ، یہ امکانا ت بھی ظاہر کیے جارہے ہیں یہ تلاشی کا عمل بھی 24گھنٹے تک جاری رہے گا۔ایم کیوایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے محمد انور کی لند ن میں گرفتار ی کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ذرائع کا کہناہے محمد انور متحدہ کے قائد الطاف حسین کے دائیاں ہاتھ تصور کیے جاتے ہیں اوروہ الطاف حسین کے مالی اور معاشی معاملات دیکھتے تھے۔

واضح رہے کہ الطاف حسین سمیت متحدہ کے 5 افراد بھی منی لانڈرنگ کے کیس میں ضمانت پر ہیں ، الطاف حسین کی ضمانت رواں ماہ ختم ہور ہی ہے۔گرفتار ہونے والے ایم کیوایم کے رہنما محمد انور کے داماد بھی منی لانڈرنگ کیس میں سز ابھگت چکے ہیں جبکہ محمد انور ان تین سینئر رہنماؤں میں شامل ہیں جن کا نام قیادت کیلئے لیا جا رہاتھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل سکاٹ لینڈ یارڈ منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے والے پانچ افراد کو گرفتار کر چکی ہے۔

سکاٹ لینڈ یارڈ نے ضمانت پر رہا73سالہ اور 44سالہ شخص کو پانچ دسمبر 2013کو گرفتا رکیا تھا ،27سالہ اور41سالہ ملزم پولیس کے بلانے پر پیش ہوئے تو انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے کہ سزائے موت کے منتظر صولت مرزا کی جاری ہونے والی ویڈیو میں بھی انہوں نے محمد انور کا نام لیاہے۔