پاکستان سعودی عرب کے درمیان دو قوموں کے تعلقات ہیں ،کوئی ختم نہیں کرسکتا‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

بدھ 1 اپریل 2015 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان سعودی عرب کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جن کو کوئی ختم نہیں کرسکتا،سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی پریشان نہ ہوں ،پوری قوم ،حکومت ،علماء اور عوام سعودی عرب کے ساتھ ہیں،یمن میں فوجیں بھیجنے کیلئے نہ سعودی عرب نے کہا ہے اور نہ ہی فوجیں بھیجی جائیں گی، 3اپریل کو وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) سے منسلک ملک بھر کی 74ہزار 6سو سے زائد مساجد میں”یوم یکجہتی سعودی عرب “منایا جائے گا ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مکہ مکرمہ میں مختلف پاکستانی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،حافظ محمد امجد،مولانا عبد الجبار ،مولانا عبد الرحمن،مولانا اکرام اللہ ،مولانا اکبر ضیاء ودیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل مرحلے میں پاکستان کی مدد کی ہے اور پاکستان کا سعودی عرب سے عقیدت اور احترام کا رشتہ ہے ۔

پاکستانی حکومت کو عوام کے جذبات کے مطابق سعودی عرب اور حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہر ممکن تعاون کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران سعودی عرب کے ساتھ مل کر یمن میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوشش کرے تو یہ مستحسن اقدام ہوگا۔ بعض قوتیں ایک سازش کے تحت پاکستان سعودی عرب کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

پوری پاکستانی قوم سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یمنی باغی غیر ملکی ایما پر سعودی عرب اور خلیج کی دیگر ریاستوں کیلئے خطرہ بنتے چلے جا رہے ہیں اور اسی طرح ایک عالمی دہشت گرد تنظیم کی طرف سے حرمین شریفین اور حجاز مقدس پر حملے کی دھمکی نے پورے عالم اسلام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

حوثی باغیوں کو جب تک غیر ملکی امدادبند نہیں ہوگی اور ایک ملک کی طرف سے عراق ، شام اور یمن سمیت اسلامی ممالک میں مداخلت بند نہیں ہوگی اس وقت تک مذاکرات کی کامیابی ممکن نظر نہیں آتی ۔انہوں نے کہا کہ 03 اپریل کو پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم یکجہتی سعودی عرب“ منایا جائے گا اور پاکستان علماء کونسل کی ذیلی تنظیم وفاق المساجد پاکستان کے تحت ملک بھر کی مساجد میں پاکستان سعودی عرب دوستی پر اجتماعات اور سیمنارز ہوں گے اور سعودی عرب اور حرمین شریفین کے دفاع اور استحکام کیلئے قراردادیں منظور کی جائیں گی اور ملک کی ہر شاہراہ پر پاک عرب دوستی کے نعرے گونجیں گے۔

متعلقہ عنوان :