شفقت حسین کیس ، مجرم کے لئے مہم غیر ملکی فنڈنگ سے چلائی گئی

مقصد سزائے موت پر پابندی لگوانا تھی ، میڈیا رپورٹس

بدھ 1 اپریل 2015 14:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) قاتل شفقت حسین کی عمر کے تنازع کے حوالہ سے ایف آئی اے کی انکوائری مکمل ہو گئی ہے مجرم کے لئے مہم غیر ملکی فنڈنگ سے چلائی گئی اس کا مقصد سزائے موت پر پابندی لگوانا تھا ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقات اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس سے این جی اوز کی جانب سے شفقت حسین کے لئے چلائی جانے والی مہم ایک سکینڈل میں تبدیل ہو جاتی ہے کیونکہ اس میں ملک کے عدالتی نظام کو بدنام کرنے کے لئے غیر ملکی فنڈنگ استعمال کی گئی تاکہ پاکستان میں سزائے موت پر پابندی لگوائی جا سکے ۔

ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں ایف آئی اے اپنی انکوائری مکمل کرے گی ۔ سینئر وفاقی حکام کو سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ ایک این جی او کو فنڈنگ ملی تھی تاکہ وہ شفقت حسین کو نابالغ مجرم بنا کر پیش کرنے کے لئے ایک من گھرٹ اور بے بنیاد مہم چلائے ۔

(جاری ہے)

سینئر سرکاری ذریعے نے کہا کہ حکام نے نہ صرف غیر ملکی فنڈنگ کے ثبوت حاصل کر لئے ہیں بلکہ اس بات کی تصدیق بھی کر لی ہے کہ اس مہم کا مقصد فوجداری عدالتی نظام کو بدنام کرنا اور ملک میں سزائے موت پر پابندی لگوانا شامل تھا ایف آئی اے نے تقریبا اپنا کام مکمل کر لیا ہے اور چند دنوں میں وہ اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔