گردوں کے ڈائیلائسز سہولیات کی عدم فراہمی،سپریم کورٹ نے حکومت سے چار اپریل تک جواب طلب کرلیا

بدھ 1 اپریل 2015 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سپریم کورٹ نے ملک بھر میں گردوں کے ڈائیلائسز کی سہولیات کی عدم فراہمی پر دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے چار اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے ۔ درخواست طارق اسد ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی ۔ عدالت نے طارق اسد کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ صوبوں کی جانب سے داخل کروائے گئے جوابات بارے جواب داخل کرے ۔

جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

اس دوران پنجاب ، سندھ ، کے پی کے اور بلوچستان کی جانب سے رپورٹس پیش کی گئیں پنجاب حکومت نے بتایا کہ گردوں کے ڈائیلاسز کے حوالے سے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات دی جارہی ہیں دیگر صوبوں نے بھی اپنے اپنے صوبوں میں گردوں کے ڈائیلاسز بارے فراہم کردہ سہولیات سے عدالت کو آگاہ کیا ۔ اس دوران وفاق کی طرف سے جواب موصول نہ ہونے پر عدالت نے ان سے بھی جواب طلب کیا اور طارق اسد کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومتوں کے جوابات کا بغور مطالعہ کریں اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ اس حوالے سے ابھی بھی کوئی چیز نامکمل ہے تو اس بارے وہ جواب دیں ۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت چار اپریل تک ملتوی کردی

متعلقہ عنوان :