سپریم کورٹ نے فاروق ستار کی نااہلی بارے درخواست مسترد کردی

بدھ 1 اپریل 2015 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستار کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی ۔ عدالت نے یہ فیصلہ دستاویزات تصدیق شدہ نہ ہونے اور درخواست کے ساتھ نامکمل کاغذات کی وجہ سے کیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالعزیز میمن نے این اے 249سے فاروق ستار کونااہل قرار دینے کیلئے درخواست دائر کی تھی ۔

(جاری ہے)

جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ فاروق ستار نے این اے 249سے ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور کامیابی حاصل کی تھی تاہم بہت سارے معاملات میں تحقیقات کی ضرورت ہے ۔ عبدالعزیز میمن کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ فاروق ستار کو انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے نااہل قرار دیا جائے ۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ان کی نااہلی کے حوالے سے جو دستاویزات جمع کروائی گئی ہیں وہ نہ تو مکمل ہیں اور نہ ہی تصدیق شدہ ہیں ایسی صورت میں ہم اس پر کیا فیصلہ جاری کریں ۔ بعد ازاں عدالت نے عبدالعزیز میمن کی درخواست خارج کردی ۔ واضح رہے کہ انہوں نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا

متعلقہ عنوان :