اسلام آباد، بلدیا تی الیکشن نہ کروانے پر چیف الیکشن کمشنر ، کمشنرو ڈپٹی کمشنر،سیکرٹری لوکل باڈیزاور سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کو نوٹس جاری

بدھ 1 اپریل 2015 13:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے ضلعی صدر عامر مسعود مغل کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد لوکل باڈیز الیکشن نہ کروانے پر چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان ، کمشنر اسلام آباد ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، سیکرٹری لوکل باڈیز اسلام آباد اور سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کو دوباررہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ۔

بدھ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عامر مسعود مغل کی جانب سے اسلام آباد میں لوکل باڈیز الیکشن کروانے سے متعلق دائر کی گئی کیس کی سماعت ہوئی ۔ جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ پی ٹی آئی کے وکیل فرخ ڈار عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

عدالت میں دلائل دیتے ہوئے انہوں نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمشنر آف پاکستان کی جانب سے اسلام آباد شہری و دیہی علاقوں میں لوکل باڈیز الیکشن کے معاملے میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں نہ ہی وفاقی دارالحکومت نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جا رہا ہے آئین و قانون کے مطابق شہریوں کے بنیادی حقوق کا خیال رکھتے ہوئے لوکل باڈیز انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت عالیہ نے اسلام آباد میں لوکل باڈیز کے انتخابات سے متعلق فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب داخل کروانے کے احکامات جاری کئے تھے ۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عدالت عالیہ نے 2001 کا نوٹیفیکیشن لوکل باڈیز انتخابات سے متعلق طے کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جا سکتے چونکہ اسلام آباد میں فیڈرل گورنمنٹ کے ایمپلائز کی اکثریت رہتی ہے جو اپنے ووٹ کا حق رائے دہی کا استعمال نہیں کر سکتے ۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلامآباد کے لوکل باڈیز انتخابات سے متعلق 2002 کا قانون قیام عمل میں آ چکا ہے ۔ اسلام آباد کے دیہی و شہری علاقوں میں لوکل باڈیز انتخابات کروائے جا سکتے ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مردم شماری و حلقہ بندیوں کے تاخیری حربے استعمال نہیں کئے جا سکتے انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد میں لوکل باڈیز انتخابات کے انعقاد سے متعلق فریقین کو دوبارہ نوٹس جاری کئے جائیں ان سے جواب طلب کیا جائے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان و دیگر فریقین کو جواب داخل کروانے کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لئے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر عامر مسعود مغل نے کیس کی سماعت کے بعد اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کروانا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت یہ نہیں چاہتی کہ بلدیاتی انتخابات ہوں اور عام اختیارات عوامی سطح پر منتقل ہو جائیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات کروانے کے لئے مکمل طو ر پر تیار ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نہ صرف پنجاب بلکہ اسلام آباد تمام دیہی و شہری یونین کونسلوں میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر کلین سویپ کرے گی