نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ دینے کے لئے مختلف کھیلوں کا فروغ اشد ضروری ہے ،گورنر محمد خان اچکزئی

منگل 31 مارچ 2015 23:04

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء ) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کی سوچوں، رویوں اور صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری رخ دینے کے لئے مختلف کھیلوں کا فروغ اشد ضروری ہے۔معاشرے میں صحتمند سرگرمیوں کو عام کرنے کے لئے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزکشی فیڈریشن کے صدر فقیر حسین کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وفد ظاہر حسین سروری، محمد حنیف پہلوان، اکبر پہلوان اور فیض محمد پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ جسمانی اور مختلف قسم کے کھیل نوجوانوں کی ذہنی وجسمانی نشوونما کے لئے نہ صرف ضروری ہے بلکہ اس سے کھلاڑیوں کی کردار سازی اور نفسیاتی تربیت میں مدد بھی ملتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحتمند تفریح ک مواقع فراہم کرکے ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور ان میں نکھار پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے اپنے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے صوبے اور ملک کا نام روش کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بزکشی ایک دلچسپ اور تاریخی کھیل ہے، ضروری ہے کہ اس کو جدید کھیلوں کے ساتھ فیسٹیول اور ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا جائے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو بزکشی کے کھلاڑیوں (پہلوانوں) کے مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثناء سردار علی احمد جوگیزئی، حاجی اللہ گل شمشوزئی اور اکرم پانیزئی نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :